مزید خبریں

چیئرمین لیاقت آباد ٹائون کا منصورہ منی اسپورٹس کمپلیکس کے تعمیراتی کام کا معائنہ

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) چیئرمین لیاقت آباد ٹائون فراز حسیب نے کہا ہے کہ لیاقت آباد ٹائون کے عوام کو آلودگی سے پاک صحت مند اور خوشگوار ماحول فراہم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ گزشتہ روز جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوسی نمبر ۔2شریف آبادمیں منصورہ منی اسپورٹس کمپلیکس کے تعمیر کے کام کے معائنے کے دوران کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ عوام کو بلدیاتی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جائیں، اس سلسلے میں شریف آباد میں منی اسپورٹس کمپلیکس قائم کیا جارہا ہے، جہاں بچوں کے کھیل کو دکی سہولتوں کے ساتھ نوجوانوں کو ان ڈور گیمز کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی، جس میں ٹیبل ٹینس، بیڈمنٹن، جمناسٹک اور دیگر ان ڈور گیمز شامل ہیں۔ چیئر مین لیاقت آ باد ٹائون نے منصورہ اسپورٹس کمپلیکس میں لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ٹائون کے تمام پارکس و پلے گرائونڈز کو جلد بحال کرکے عوام کے حوالے کردیا جائے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اسپورٹس کمپلیکس، پارک اور پلے گرائونڈعوامی ملکیت ہیں اس کی حفاظت کرنا ہماری اور آپ کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔اس موقع پر وائس چیئرمین لیاقت آباد ٹائون اسحاق تیموری،متعلقہ یوسی چیئرمین و وائس چیئرمین، ڈائریکٹر پارکس ریحان ہمدانی، ڈائریکٹر بی اینڈ آ ر شفقت عالم و دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔