مزید خبریں

امت کی مشکلات کا حل علامہ‘ اقبال کی تعلیمات میں ہے، ایاز صادق

اسلام آباد (صباح نیوز) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید میر غلام مصطفی شاہ نے کہا ہے کہ علامہ محمد اقبالؒ عظیم شاعر اور مفکر تھے انہوں نے اپنی شاعری اور افکار کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں کو خواب غفلت سے جگایا اور ان میں آزادی کا جذبہ بیدار کیا، علامہ محمد اقبالؒ کی شاعری دور حاضر میں بھی مسلم امہ کے لیے مشعل راہ کی حیثیت رکھتی ہے، ان کے افکار و نظریات پر عمل پیرا ہو کر مسلم امہ کو درپیش مسائل کو حل کیا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علامہ محمد اقبال کی 86ویں برسی کے موقع پر اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال وہ عظیم رہنما تھے، جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کیلیے ایک آزاد مسلم ریاست کا تصور پیش کیا، جو آگے چل کر پاکستان کی شکل میں معرض وجود میں آئی۔ ڈپٹی اسپیکر سید میر غلام مصطفی شاہ نے کہا کہ علامہ اقبال کی شاعری آج بھی نوجوان نسل کے لیے مشعل راہ ہے، علامہ اقبال کی تعلیمات کو اپنا کر مسلم امہ خصوصا پاکستان کو درپیش چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے۔