مزید خبریں

ڈیرہ اسماعیل خان میں فائرنگ،کسٹم اہلکاروں و ایف سی جوان سمیت 4جاں بحق

ڈیرہ اسماعیل خان(صباح نیوز)ڈیرہ اسماعیل خان میںفائرنگ کے 2مختلف واقعات میں 2 کسٹم اہلکاروںوایف سی جوان سمیت 3افراد جاں بحق ہوگئے‘وزیراعلیٰ پختونخوا علی امین گنڈاپور کی واقعات کی مذمت‘سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کرحملہ آوروں کی تلاش شروع کردی۔تفصیلات کے مطابق سی پیک پر یارک ٹول پلازہ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پاکستان کسٹم کے انسپکٹر اور کانسٹیبل سمیت3 افراد شہید جبکہ ایک زخمی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب پاکستان کسٹم اینٹی سمگلنگ یونٹ کے اہلکاروں کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے سی پیک پر یارک ٹول پلازہ کے قریب فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں تیس سالہ کسٹم انسپکٹر حسین سکنہ ہزارہ‘25 سالہ عامر خٹک ولد گل ولی سکنہ کرک اور26 سالہ سپاہی ضیاد خان ولد سعید خان سکنہ ہری پور موقع پر شہید ہو گئے جبکہ ایک پچیس سالہ اجمل ولد فضل الرحمن سکنہ شورکوٹ زخمی ہو گیا۔ واقعہ کی اطلاع پر مقامی پولیس اور سیکورٹی فورسز فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور علاقہ کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔دوسری جانب کلاچی شہر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ٹریننگ سے چھٹی پر آنے والا ایف سی اہلکار شہید ہوا‘وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈہ پور نے واقعہ کی مذمت کی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایف سی اہلکار محمد زبیر فرنٹئیر کور بلوچستان میں حاضر سروس تھا اور اپنی ٹریننگ مکمل کرکے چھٹی پر گھر آیا ہوا تھا اور اتوار کی صبح اس کو واپس اپنی ڈیوٹی پر جانا تھا کہ نامعلوم افراد کی فائرنگ کا نشانہ بن گیا۔