مزید خبریں

ایپوا کی کور کمیٹی کا اجلاس

ای او بی آئی پنشنرز ویلفیئر ایسوسی ایشن (رجسٹرڈ) EPWA کی کور کمیٹی کا ماہانہ اجلاس ڈسٹرکٹ ایسٹ EPWA کے آفس گلشن اقبال میں منعقد ہوا جس میں اظفر شمیم، چیئر مین EPWA نے خطاب کرتے ہوئے پنشنرز کی سوشل پنشن 10 ہزار سے بڑھا کر 32 ہزار فوری کرنے اور میڈیکل سہولیات دینے کا مطالبہ کیا تا کہ طوفانی مہنگائی کے دور میں پنشنرز سکھ کا سانس لے سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مختلف اداروں سے تعلق رکھنے والے انشورڈ پرسنز EPWA سے پنشن کے حوالے سے مختلف امور پر رہنمائی حاصل کرتے ہیں۔ ان کی ممبر شپ با قاعدہ شروع کرنے کا آغاز ہو چکا ہے۔ اس حوالے سے باقاعدہ منصوبہ بندی کر لی گئی ہے تا کہ انشورڈ پرسنز کی ممبر شپ یقینی ہو سکے۔ سینئر نائب صدر متین خان نے کور کمیٹی کو بتایا کہ بہت جلد پر یس کا نفرنس کا انعقاد ہوگا جس میں پرنٹ و الیکٹرونک میڈیا کو پنشنرز کی مشکلات سے آگہی دینے کے ساتھ ان کے مطالبات کو بذریعہ میڈ یا حکمرانوں تک پہنچانے پر زور دیا جائے گا۔ مختلف لیبر فیڈریشن کے نمائندگان کا اجلاس بھی منعقد کیا جائے گا جس میں پنشنرز کے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں کو اجاگر کیا جائے گا۔ جنرل سیکرٹری EPWA علمدار رضا نے پنشنرز کے دیرینہ مطالبات کی منظوری میں تاخیر کو EOBI کے اصل اسٹیک ہولڈرز (پنشنرز ) کا دل دکھانے کا عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کا کردار مثل ماں ہونا چاہیے تا کہ پنشنرز کی دل شکنی نہ ہو۔ انصاف کا تقاضہ ہے کہ پنشنرز کے لیے فلاح و بہبود کے منصوبوں کا بلا تاخیر اعلان کیا جائے جو EOBI انتظامیہ کی قانونی و اخلاقی ذمہ داری ہے۔ علمدار رضا نے عنقریب اسلام آباد میں چیئر مین EOBI سے ملاقات کا عندیہ دیا۔ نائب صدر شمس الضحیٰ زبیری نے EOBI کو مالی طور پر مستحکم ادارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انشورڈ پرسنز کی تعداد میں اضافے کے لیے حکمت عملی قانونی طور پر بنانے کا عمل فوری شروع کیا جائے جو ادارے ابھی تک EOBI میں رجسٹرڈ نہیں ہیں ان کو اس طرف راغب کیا جائے تا کہ پاکستان کے نجی اداروں کے ملازمین ریٹائرمنٹ کے بعد سوشل پنشن کے حقدار بن سکیں۔ انہوں نے EOBI ویب سائٹ پر پنشنرز کی جانب سے آڈٹ رپورٹ جاری کرنے کے مطالبے کو دہرایا۔ ممبر کور کمیٹی ظفر پاشا نے پنشنرز وانشورڈ پرسنز کو با آسانی تمام امور بحوالہ پنشن و دیگر معلومات فراہم کرنے کے لیے کور کمیٹی کے اجلاس میں تجاویز دیں۔ تمام ممبران نے اس تجویز کو وقت کی ضرورت قرار دیا۔ ظفر پاشا جلد اس حوالے سے پیش رفت کریں گے۔ ممبر ایگز یکٹوکمیٹی جمال صدیقی نے کور کمیٹی کو آگاہی دی کہ وفاقی محتسب اعلیٰ نے پنشنرز کو یقین دلایا ہے کہ مظلوم پنشنرز کے جائز حقوق دلانے کے لیے وہ اپنا کردار ادا کریں گے۔ ممبر ایگزیکٹیو کمیٹی احتشام الحسن نے EPWA کو مزید منظم کرنے کہ لیے ممبر شپ میں مزید اضافے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت EPWA اپنے مختصر وسائل میںپنشنرز کی خدمت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے جو قابل ستائش عمل ہے۔