مزید خبریں

پاکستان ایجوکیشن اکیڈمی ایک قابل فخر پاکستانی تعلیمی ادارہ ۔ صائمہ نقوی آئیڈیل ٹیچر

شارجہ متحدہ عرب امارات میں قائم پاکستان ایجوکیشن اکیڈمی ایک ایسا تعلیمی ادارہ ہےجس پر پوری پاکستانی قوم کو فخر ہے۔ جدید سہولتوں سے آرا ستہ یہ ادارہ ہمیشہ سے اپنے طلباء کی عمدہ تعلیم و تربیت کے لئے کوشاں ہے۔ اس کی شاندار اور خوبصورت عمارت کے درودیوار نے یہاں پر بہت سی نسلوں کو پروان چڑھتے اور بہترین عہدوں پر فائز ہوتے دیکھا ہے۔ہمیشہ سے اپنی بانہیں پھیلائے بچوں کو خوش آ مدید کہنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔اور اس کا خوبصورت منظر ہمیں 15 اپریل کی صبح دیکھنے کو ملا۔ عید کی چھٹیوں کے بعد نئے سیشن کے آغاز پر بچے ہاتھوں میں بستے لئے دمکتے چہروں کے ساتھ اٹھکیلیاں کرتے ہوئے جب اسکول کے گیٹ پر پہنچے تو ان کی خوشی دیدنی تھی کیونکہ اسکول کی پرنسپل مس شمائلہ احمد نے اپنے اسٹاف کے ساتھ ان کا والہانہ انداز سےاستقبال کیا ۔اسکول کے اندر داخل ہوئے تو پورا اسکول دلہن کی طرح سجا ہوا تھا۔ رنگ برنگ غبارے بچوں کی توجہ کا مرکز تھے۔ اسکول کی گراؤنڈ میں اسٹال سجے ہوئے تھے۔ بچوں نے فوٹو فریمز میں تصاویر بنوائیں ۔ اسٹالز پر موجود اسٹاف نے انہیں چاکلیٹس دیں ،بچیوں کے ہاتھوں پر مہندی لگائی اور سب کے چہروں پر پینٹنگ کی۔ فزیکل ایجوکیشن کے اساتذہ نے بچوں کی تفریح کے لئے کچھ دلچسپ کھیلوں کا اہتمام بھی کر رکھا تھا۔بچوں نے خوب بڑھ چڑھ کر ان میں حصہ لیا اور خوب لطف اندوز ہونے،ہر طرف میلے کا سا سماں تھا ۔عید گالہ کی اس تقریب نے بچوں کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا تھا۔رنگ برنگے کپڑوں میں ملبوس بچوں نےاپنی خوشی کا اظہار پرنسپل اور اپنے پسندیدہ اسانذہ کے ساتھ تصاویر بنوا کر کیا۔اس موقع پر بچوں نے میڈیا کو اپنے تاثرات کے بارے میں بھی بتایا۔امید ہے بچے اسکول کا یہ پہلا دن کبھی نہیں بھولیں گے۔