مزید خبریں

قائداعظم نے سب پہلےفلسطین کےحقوق کےلئےآوازبلند کی تھی، سہیل ورائچ

پاکستان ہی وہ ملک ہے جس کے قائد، محمد علی جناح نے سب پہلے فلسطین کے حقوق کے لئے آواز بلند کی تھی۔ یہ بات معروف صحافی، ٹیلی ویژن میزبان، سینئرتجزیہ کاراورمیڈیا کی مقبول شخصیت سہیل ورائچ نے جدہ میں اسکانکم کنٹریکٹنگ کمپنی کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات میں بطورمہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب کمپنی کے سال 2023 میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ملازمین اور افسران کی پذیرائی کے لئے منعقد ہوئی تھی۔ سہیل ورائچ نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ یہ ہی وہ واحد اسلامی ملک ہے جس نے اسلامی دنیا کا پہلا ایٹم بم بنایا، یہ وہ ملک ہے جس نےعالم اسلام کا پہلا اسلامی جمبہوری آئین بنایا۔ یہ ہی وہ ملک ہے جس نے دنیا کے کم از کم 20 اسلامی ممالک کوآزاد ہونے میں مدد دی، یہ ہی وہ ملک ہے جس نے سب سے پہلے اقوام متحدہ میں جا کے مسلمانوں کی آواز بلند کی تھی۔ انھوں نے کہا سب اوورسیز پاکستانیوں کا دل پاکستان کے ساتھ رہتا ہےاورآپ بڑے حساس ہیں پاکستان کے حالات پراوربڑے پریشان بھی رہتے ہیں پاکستان کی وجہ سے، میں آپ سے یہ گزارش کرنا چاہتا ہوں کہ ہرملک پہ اچھا برا وقت آتا ہے۔ ملک کبھی اوپرجاتے ہیں اور کبھی نیچے کی طرف، لیکن ملک پرکبھی اپنا اعتماد اورامید نہیں کھونا چاہیے۔ پاکستان ایک غیر معمولی حالات گزرا ہے پچھلے 75 سالوں میں۔ آپ داد دیجیئے کہ غیرمعمولی حالات کے باوجود ہم نے اپنے آپ کو برقرار رکھا ہوا ہے اور آگے بھی بڑھیں ہیں، ترقی بھی کی ہے۔ سمندرپارپاکستانیوں کی ترسیل زر سے لوگوں کے معیار زندگی میں بہت تبدیلیاں أئی ہیں۔ اگرچہ پاکستان میں بہت سے مسائل ہیں۔ سب کچھ ٹھیک نہیں ہے ۔ لیکن ان مسائل سے مایوس اور پریشان ہوکر پاکستان پر تنقید کرنا ، مایوسی کا اظہار کرنا یہ کوئی مناسب بات نہیں ہے۔ انھوں نے کہا مجھے امید کی کرن نظر آتی ہے تو سب سے زیادہ اوورسیزپاکستانیوں سے۔ ہم چاہتے ہیں کہ آپ کے بچے پاکستان آئیں اور مسائل کو حل کرنے میں مدد کریں۔ قونصل جنرل پاکستان خالد مجید نے اپنے خطاب میں کہا میں تہہ دل سے میزبانوں کا مشکور ہوں کہ انھوں نے مجھے اپنی فیملی کا حصہ بنایا۔ انھوں نے تقریب کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا یہ بہت اچھا اقدام ہے کہ آپ کمپنی کے ملازمین کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا میں اور میری پوری ٹیم آپ کی خدمت کے لئے ہروقت حاضر ہیں۔ تقریب سے کمپنی کے ایڈمن منیجر چودھری وقار ارشد، جنرل منیجر چودھری شفقت محمود اور کمپنی کے بانی چودھری مختار نبی نے بھی خطاب کیا اور ایوارڈز حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دی۔ قبل ازیں تلاوت کلام پاک سے تقریب کا آغازہوا، ناظمِ تقریب ندیم آفتاب صدیقی نے نعتِ رسولِ مقبولﷺ کے اشعار پیش کئے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے قومی ترانہ کے بعد جدہ کے دو مشہور فنکار نعیم سندی اور فخرعدنان نے سامعین کےلئے اپنی خوب صورت آوازوں میں نغمہ پیش کئے۔ تقریب کا اختتام ایک پُرتکلف عشائیہ پر ہوا۔