مزید خبریں

تنخواہ نہ ملنے کیخلاف سہون ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ملازمین کا احتجاج

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) سہون ڈیولپمنٹ اتھارٹی جامشورو کے آفس میں بطور اسسٹنٹ کام کرنے والی مسماۃ رفیہ سلطانہ نے 3 مہینے سے تنخواہیں نہ ملنے کے خلاف ملازمین کے ہمراہ پریس کلب پر احتجاج کرتے ہوئے علامتی بھوک ہڑتال کی۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ سہون ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل صالح سعید جمانی از خود ریلیو ہو گئے جبکہ سیکرٹری احسن رضا نے سندھ سالٹ ویسٹ مینجمنٹ میں جوائننگ دے دی اور اب سہون ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں کسی کے پاس بھی ڈی جی اور اکائونٹنٹ ایڈمن آفیسر کا چارج نہیں، ریکوری نہ ہونے کا جواز ظاہر کرتے ہوئے ہر مہینے تنخواہیں روک دی جاتی ہیں جس کی وجہ سے ادارے کے سیکڑوں ملازمین اور ان کے اہل خانہ فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔ انہوں نے حکومت اور چیف سیکرٹری سندھ سے اپیل کی کہ سہون ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ملازمین کی تمام بقایا تنخواہیں فوری جاری کر کے ملازمین کو مزید پریشانی سے بچایا جائے۔