مزید خبریں

باردانہ صرف پیپلزپارٹی کے وڈیروں کو دیا جارہا ہے،سندھ ہاری کمیٹی

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) سندھ میں گندم کو مافیا کے حوالے کرکے باہر سے برآمد کی جارہی ہے ، کسان اور چھوٹے کاشتکار باردانے سے محروم ، باردانہ صرف پیپلز پارٹی کے وڈیروں کودیا جا رہا ہے جو فروخت بھی کر رہے ہیں جبکہ چھوٹے کاشتکار اور مالک کسان تاجروں کو سستے دام گندم فروخت کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں جنہیں گندم کی امدادی قیمت انہیں مل رہی ہے نہ صوبائی حکومت سندھ کوئی نوٹس لینے کے لیے تیار ہے ۔یہ بات سندھ ہاری کمیٹی کے صدر پروفیسر میر منور ٹالپر ، جنرل سیکرٹری کامریڈ ڈامرمل نے اپنے جاری ایک بیان میں کہی ۔ رہنمائوں نے کہا کہ کسان اور چھوٹے کاشتکار متحد ہوکر اپنی زمین کو ڈریکونیائی کارپوریٹ مافیا سے بچا کر پیدوار کو نفع بخش بنانے کی جدوجہد کو آگے بڑھائیں ، حکمران جاگیردار اشرافیہ سندھ کی زرعی زمین ، قیمتی املاک ، تاریخی مقامات حتی کہ پانی کی گزر گاہوں کو فروخت کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کررہی ، سندھ میں زراعت زرعی مافیا کے حوالے کردی گئی ہے ، زرعی مافیا کسی ملکی قانون کو مانتی ہے نہ اسے کسی بھی ادارے کا ڈر اور خوف ہے، بدعنوانی کا گورگھ دھندہ عروج پر ہے ، سندھ کی رائیلٹی پر اسٹیبلشمنٹ ، وفاقی حکومت ، صوبائی جاگیردار اشرافیہ اور کمپنی مالکان ہاتھ صاف کیے ہوئے ہیں ۔لہذا کسان اور چھوٹے کاشتکار اس زرعی قید خانہ کی دیواروں کو اپنی شعوری جدوجہد کے ذریعہ مسمار کردیں ۔