مزید خبریں

کسی کو حقوق پر ڈاکا ڈالنے کی اجازت نہیں دینگے،آٹا چکی اونرز

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) آٹا چکی اونرز سوشل ویلفیئر ایسوسی ایشن حیدرآباد کا جنرل باڈی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں حاجی محمد میمن صدر، عبدالفاروق راٹھور نائب صدر، حاجی نجم الدین چوہان جنرل سیکرٹری، محمد فاروق جوائنٹ سیکرٹری، شفیق قریشی خازن اور ملک ہارون اطلاعات سیکرٹری کے عہدوں پر 2 سال 2024 سے 2026 تک مدت کے لیے توسیع کی منظوری دی گئی۔ ایسوسی ایشن کی کارکردگی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ خازن شفیق قریشی نے ایسوسی ایشن کی سالانہ آمدن اور اخراجات کی رپورٹ پیش کی جس کی بحث کے بعد ممبران نے ہاتھ اُٹھاکرمنظوری دی۔ اس موقع پر صدر حاجی محمد میمن نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ ایسوسی ایشن نے انتہائی نامساعد حالات کے باوجود آٹا چکی مالکان کو درپیش مساژل حل کرانے اور جائز حقوق پر آواز بلند کی بلکہ حیدرآباد کے عوام کو بنیادی اشیاء آٹے کے حصول میں سہولیات کی فراہمی میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا اور مسلسل جدوجہد کے نتیجے میں گندم مافیاز کو من مانی کرنے سے روکے رکھا اور ایسا کرنے میں ممبران نے ایسوسی ایشن کا بھرپور ساتھ دیا جس کے مثبت نتائج سب کے سامنے ہیں۔ حاجی محمد میمن نے کہا کہ وہ خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور حیدرآباد کے آٹا چکی مالکان کے جائز حقوق پر کسی کو ڈاکا ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس سلسلے میں ممبران اپنے اندر اتحاد قائم رکھیں اور جو بھی شکایت ہو تحریری طور پر ایسوسی ایشن کو آگاہ کریں تاکہ مسئلہ کو فوری حل کرایا جاسکے۔ حاجی محمد میمن نے ایسوسی ایشن کی کارکردگی سراہنے اور عہدیداران کے عہدوں کی مدت میں مزید 2 سال 2024 سے 2026 تک توسیع کرنے پر ممبران کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ ایسوسی ایشن اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے آٹا چکی مالکان کے جائز مسائل حل کرانے اور حائل رُکاوٹوں کو دور کرانے کی بھرپور کوشش کرے گی۔ حاجی محمد میمن نے کہا کہ آٹا چکی مالکان کسی قسم کی بلیک میلنگ کا شکار نہ ہوں۔ اجلاس سے نائب صدر فاروق راٹھور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ممبران کے تعاون کے بغیر ایسوسی ایشن کا درپیش مسائل پر قابو پانا مشکل تھا ہمیں آئندہ بھی اسی طرح اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ جنرل سیکرٹری حاجی نجم الدین چوہان نے کہاکہ ایسوسی ایشن چکی مالکان کو درپیش مسائل سے باخوبی آگاہ ہے عہدیداران کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہے، آٹا چکی مالکان خود کو تنہا محسوس نہ کریں، عہدیداران ساتھ ہیں۔ انہوں نے چکی مالکان پر زور دیا کہ وہ درپیش مسائل سے تحریری طور پر ایسوسی ایشن کو آگاہ کریں تاکہ موثر انداز میں مسائل حل کرائے جاسکیں۔ اجلاس سے فاروق قمر ملک ہارون، طاہر لودھی، محمد شاہد، خرم لودھی، محمد فاروق، محمد عمران، محمد عارف، سجاد، محمد نعیم اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور ایسوسی ایشن کی مثالی کارکردگی پر عہدیداران کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔