مزید خبریں

رینجرز‘ پولیس کی کچے میں کارروائی، 9 ملزمان گرفتار

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس کی اندرون سندھ کچے کے علاقے میں ڈکیتوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری، خفیہ معلومات کی بنیاد پر 2 مختلف کارروائیوں کے دوران کشمور سے9 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس کی جانب سے خفیہ معلومات کی بنیاد پر گوٹھ غوث بخش بنگواڑ اور جاڑو خان بنگواڑ میں انڈس ہائی وے پر رینجرز موبائل پر فائرنگ کرنے، سہولت کاری، ڈکیتی، اغواء برائے تاوان اور دیگر جرائم میں مطلوب ملزمان مرتضیٰ منگواڑ، ارشاد، ذوالفقار، منظور اور بگی جاکھرانی کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مار کارروائی عمل میں لائی گئی۔ کارروائی کے دوران 5 ملزمان غلام شبیر، غلام حسین، خادم، یار محمد اور غلام عباس کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے ایک عدد 7 ایم ایم رائفل، 2 عدد 30 بور پسٹل، 2 عدد ایس ایم جی، 9 موبائل فونز اور 2 موٹر سائیکلیں بھی برآمد کرلی گئیں جبکہ دوسری کارروائی کے دوران گوٹھ رئیس حیات اوگاہی سے وشوہ اور عبداللہ عرف مچو بنگلانی گینگ کیلیے سہولت کاری میں ملوث 4 ملزمان کو اسلحہ اور مسروقہ سامان سمیت گرفتار کرلیا گیا۔ رینجرز کا کہناہے کہ عوام ڈاکوؤں کو پناہ دینے والے عناصر اور دیگر بااثر افراد کی نشاندہی کریں اور سندھ کو جرائم پیشہ افراد سے پاک کرنے میں سندھ رینجرز کی مدد کیلیے رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 0347-9001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے فوری اطلاع دیں۔