مزید خبریں

اورنگی ٹائون‘ تاجر کے گھر پولیس ڈکیتی کیس خارج کرنیکی استدعا مسترد

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی کی مقامی عدالت نے اورنگی ٹائون میں تاجر کے گھر پولیس ڈکیتی کیس خارج کرنے کی استدعا مسترد کردی۔ عدالت کاکہناتھا کہ ڈی ایس پی عمیر طارق و دیگر پرائیویٹ لوگوں نے چھاپے سے پہلے اپنے موبائل بند کردیے تھے، عمیر طارق نے جھوٹ کہا کہ وہ چھاپے میں ملوث نہیں تھا، میڈیا میں خبر چلنے کے بعد مدعی کو 1 کروڑ سے زائد رقم واپس کردی گئی، 96 لاکھ سے زائد رقم اور20تولے سے زائد سونا اب تک مفرور ملزمان سے ریکور ہونا باقی ہے،مفرور ملزمان میں پرائیویٹ اور پولیس والے شامل ہیں۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو دوبارہ چالان جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے مفرور ملزمان سمیت تمام ملزمان کو 27 اپریل تک عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت نے مفرور ملزمان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔سندھ ہائیکورٹ نے ملزمان کی درخواست پر مقدمہ دوسری عدالت منتقل کرنے کا حکم دیا تھا، جوڈیشل مجسٹریٹ غربی محمد بلال نے بھی ملزمان کے خلاف مقدمہ ختم کرنے کی درخواست مسترد کردی تھی۔