مزید خبریں

ڈاکو دکاندار سے ایک کروڑ روپے، موبائل فونز چھین کر فرار

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سائٹ ایریا ولیکا کے قریب موٹر سائیکل سوار ڈاکو دکاندار سے ایک کروڑ روپے نقد اور موبائل فونز چھین کر فرار ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کے افسران موقع پر پہنچ گئے جبکہ شہریوں کی بھی بڑی تعداد جمع ہوگئی اور واقعہ پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج شروع کر دیا۔نیوکراچی ،گلستان جوہر اور سہراب گوٹھ پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد مختلف وارداتوں میں مطلوب 3 ڈاکوؤں کوزخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈی ایس پی جان خان نیازی نے بتایا کہ متاثرہ شہری سے ان کی بات ہوئی ہے جس نے بتایا کہ اس کی بنارس میں موبائل فون کی دکان ہے اور وہ دکان سے موٹر سائیکل پر ایک کروڑ روپے نقد اور کچھ موبائل فونز لے کر آرہا تھا کہ اٹک پمپ کے قریب اس کے ساتھ واردات ہوئی۔ سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں جس کی مدد سے ملزمان کا جلد سراغ لگا لیا جائے گا۔ واضح رہے رواں ماہ 8 اپریل کو اسی سائٹ اے تھانے کی حدود میٹروویل بلاک 4 فاطمہ مسجد کے قریب ڈاکو پولٹری فارم کمپنی کے 2 ملازمین کو قتل کرکے ایک کروڑ 35 لاکھ روپے چھین کر فرار ہوگئے تھے۔ علاوہ ازیں گلستان جوہرپولیس نے بلاک 6کے قریب سے یاسر عرف موت نامی ڈاکو کو مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کرلیاتاہم اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔ سہراب گوٹھ پولیس نے گبول پٹی کے قریب مقابلے کے بعد ڈاکوحکیم ولد سرور کو زخمی حالت میں گرفتار کیاتاہم اس کا ساتھی فرار ہوگیا علاوہ ازیں نیو کراچی پولیس نے سیکٹر 6B صدیق آباد قبرستان کے قریب سے ایک ڈاکو علی ولد امتیاز کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔