مزید خبریں

شادی ہال پر چھاپا، گیس چور گرفتار۔ مزید 121 کنکشن منقطع

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سوئی سدرن کی گیس چوروں کے خلاف کارروائیاں، شادی ہال پر چھاپہ، مزید ایک گیس چور گرفتار، 121 غیرقانونی کنکشن منقطع، کارروائیاں مزید تیز کرنے کا فیصلہ، سی جی ٹی او کی ٹیم نے ایس ایس جی سی پولیس اور ریکوری ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مل کر کراچی کے سرجانی ٹاؤن میں ’’ماشااللہ بینکوئٹ‘‘ پر چھاپا مارا جہاں ایک گیس چور کو کمپنی کی مین سروس لائن سے براہ راست گیس چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا جس کا کنکٹڈ لوڈ cft 200 فی گھنٹہ ہے۔ ٹیم نے موقع پر ہی گیس کا غیر قانونی کنکشن منطقع کردیا اور مجرم کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا۔ لیاقت آباد سی ون ایریا میں سی آر ڈی سروے ٹیم نے گیس کی چوری پکڑی جہاں کے رہائشی کمپنی کی ڈسٹری بیوشن لائن سے غیر قانونی طور پر گیس حاصل کر رہے تھے۔ اس چوری میں 64 مکانات ملوث پائے گئے اور ان کے گیس کنکشن موقع پر ہی منقطع کردیے گئے۔ ملیر کے جامعہ ملیہ میں ایک اور چھاپے میں سی آر ڈی ٹیم نے ربڑ کے پائپوں کے ذریعے گیس چوری میں ملوث 51 مکانات کے تمام غیر قانونی کنکشنز موقع پر ہی منقطع کر دیے۔ مذکورہ بالا دونوں واقعات میں گیس چوری کی مالیت سالانہ 3,450,000 روپے بنتی ہے۔ لاڑکانہ میں 6 گھر اوور ہیڈ اور زیر زمین گیس چوری میں ملوث پائے گئے۔ اس واقعہ میں استعمال ہونے والے ربڑ کے پائپ اور کلیمپ کو موقع سے ہٹا دیا گیا۔