مزید خبریں

روسی فوج کے میزائل حملوں میں 8یوکرینی ہلاک، 29زخمی

کیف (انٹرنیشنل ڈیسک) روسی فوج نے یوکرین پر میزائل برسادیے،جس کے نتیجے میں 8شہری ہلاک اور 29زخمی ہوگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق دنیپرو شہر میں 5 منزلہ عمارت کو نشانہ بنایا گیا، جس میں 2 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوئے۔یوکرینی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے کہ روس نے دنیپروپیتروسک علاقے پر میزائلوں کی بارش کر دی۔بیان میں کہا گیا کہ ضلع سینیلنکوف میں روسی حملے کے نتیجے میں 4 مکانات جزوی طور پر تباہ اور 10 مکانات کو نقصان پہنچا ،حملے میں 2 بچوں سمیت 6 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوئے۔اس کے علاوہ کریوی رِگ شہر پر روس کے حملے کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوئے۔ یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے اپنے بیان میں کہا کہ روسی فوج کے حملوں میں دنیپرو میں عمارت جزوی طور پر تباہ اور ٹرین اسٹیشن کو نقصان پہنچا۔زیلنسکی نے کہا کہ تمام زخمیوں کو ضروری امداد فراہم کی جا رہی ہے۔زخمیوں میں بعض افراد کی حالت نازک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ دوسری جانب روسی فوج کا بمبار طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔روسی وزارت دفاع کے مطابق ٹی یو 3ایم 22بمبار طیارہ صبح کے وقت جنوبی اسٹاوروپول کے علاقے میں گر کر تباہ ہوا۔وزارت نے اعلان کیا کہ بمبار میں سوار چاروں پائلٹوں نے چھلانگ لگا دی جن میں سے 3کو بچا لیا گیا،جب کہ چوتھے پائلٹ کی تلاش جاری ہے۔حکام کہنا ہے کہ حادثہ فنی خرابی کے باعث پیش آیا،جب کہ اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل مارچ میں روسی فوج کا مال بردار طیارہ انجن میں آگ لگنے کے باعث ہچکولے کھاتے ہوا زمین بوس ہوگیا تھا اور طیارے میں موجود تمام 15 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ طیارے میں عملے کے 8 ارکان اور 7 مسافر سوار تھے۔جس مقام پر طیارہ حادثے کا شکار ہوا وہ یوکرین کی سرحد کے نزدیک تھی،تاہم روسی فوج نے حادثے میں دہشت گردی یا یوکرینی فوج کی کارروائی کے ملوث ہونے کے امکان کو مسترد کردیاتھا۔