مزید خبریں

گورنرسندھ کاآذربائیجان ائر کی کراچی کیلیے پروازوں کا افتتاح

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے آذربائیجان کے سفیرخازر فرہادائو کے ہمراہ آذربائیجان ائر کی کراچی کے لیے پروازوں کا افتتاح کیا، آذربائیجان ائر کی پرواز باکو سے کراچی پہنچی،کراچی ائرپورٹ پر اس سلسلہ میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ آذربائیجان ائرلائن کی کراچی کے لیے پروازوں کے آغاز سے باہمی تعلقات میں مزید اضافہ ہوگا، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان ایوی ایشن کے شعبے میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ دونوں ممالک کے مفاد میں ہے، کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ صوبہ میں سرمایہ کاری کے سازگار مواقع موجود ہیں، آذربائیجان کے سرمایہ کاروں کو ملک کے معاشی حب میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتا ہوں، انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں ایس آئی ایف سی کے تحت بڑے منصوبے آرہے ہیں، ان سے صوبہ میں ہر طبقے کے افراد کو روزگار ملے گا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ لوگوں کی جانب سے عوامی گورنر کا خطاب دیا جانا میرے لیے اعزاز ہے، ہرممکن کوشش ہے کہ ہرطبقے کے افراد کی خدمت کروں، اور عام آدمی کوروزگار اوربہترزندگی کے مواقع فراہم کروں، میڈیا کی جانب سے کئے گئے ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ صنعتوں کی بحالی کی کوششوں کے نتائج چند ماہ میں آنا شروع ہوجائیں گے۔ واضح رہے کہ آذربائیجان ایرلائن باکو سے کراچی کے درمیاں براہ راست پروازیں چلائے گی، آذربائیجان ائرلائن پہلے ہی اسلام آباد اور لاہور کے لیے پروازیں چلا رہی ہے