مزید خبریں

اسرائیل رفح پر حملے سے باز رہے ،جی۔7ممالک۔ غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ

غزہ / جنیوا/ روم (مانیٹرنگ ڈیسک) جی 7 ممالک کے وزرائے خارجہ نے اسرائیل کو رفح پر حملے سے باز رہنے اور غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق گروپ آف سیون (جی 7) ممالک فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان، برطانیہ، امریکا اور یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کا اجلاس اٹلی کے جزیرے کیپری پر منعقد ہوا جس میں غزہ کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے بعد جاری مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ شرکا نے غزہ میں فوری جنگ بندی، رفح پر حملے سے باز رہنے اور اسرائیلی یر غمالیوں کی رہائی کا پرزور مطالبہ کیا ہے تاکہ خطے میں کشیدگی کے پھیلائو کو روکا جا سکے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل رفح پر حملے سے باز رہے جہاں 17 لاکھ سے زاید فلسطینی پناہ لیے ہوئے ہیں‘ اس سے معصوم جانوں کو خطرات لاحق ہوجائیں گے۔ جی7 وزرائے خارجہ نے کسی بھی فوجی کارروائی سے قبل رفح میں شہری آبادی کے تحفظ کے لیے ایک قابل اعتماد اور قابل عمل منصوبہ بندی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ غزہ پر اسرائیلی بمباری میں ہلاک ہونے والوں میں 10 ہزار سے زاید خواتین بھی شامل ہیں جو کہ مجموعی تعداد کا ایک تہائی ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ خواتین کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں بلا قصور ماری جانے والی نہتی 10 ہزار خواتین میں سے 6 ہزار مائیں تھیں جن کے 19 ہزار بچے یتیم ہوگئے‘ اسرائیلی بمباری اور فوجی حملوں سے بچ جانے والی خواتین یا تو بیوہ ہوگئیں یا بے گھر ہیں اور بچوں سمیت شدید فاقہ کشی کا سامنا کر رہی ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جنگ کی وجہ میں عورت کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے لیکن سب سے زیادہ نقصان ایک خاتون کا ہی ہوا ہے۔ کوئی خود اپنی جان سے گئی کسی کا شوہر نہ رہا تو کسی کی کوکھ اجڑ گئی۔ آباد آشیانے برباد ہوگئے۔ واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر جاری اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 33 ہزار 970 ہوگئی جب کہ 76 ہزار سے زاید زخمی ہیں۔ اسرائیلی فوج نے غزہ کے نصیرات کیمپ میں سفاکیت کی انتہا کردی، بچوں کے رونے اور خواتین کی چیخ و پکار کی ریکارڈنگ کا استعمال کرکے فلسطینیوں کو نشانہ بنانے لگی۔ فلسطینیوں کو نشانہ بنانے کے لیے رات کی تاریکی میں فضا میں اڑتے کواڈ کاپٹر ڈرونز سے بچوں کے رونے اور خواتین کی چیخ و پکار کی آوازیں چلائی گئیں جب لوگ ان آوازوں کو اصل سمجھ کر مدد کے لیے گھروں سے نکلے تو انہیں فضا میں اڑتے ڈرونز نے نشانہ بنایا۔ یورو میڈ ہیومن رائٹس مانیٹر کے مطابق اتوار اور پیر کو رات گئے کیمپ میں خواتین اور بچوں کی چیخ و پکار سنائی دی، جب کچھ رہائشی یہ آوازیں سن کر مدد کرنے کے لیے گھروں سے نکلے تو اسرائیلی ڈرونز نے ان پر حملہ کردیا۔