مزید خبریں

وزیر اعظم کااسمگلنگ کے خاتمے کیلیے ملک گیر مہم تیز کرنے کا حکم

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) وزیر اعظم شہباز شریف نے اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے ملک گیر مہم کو تیز کرنے کی ہدایت کردی اور کہا ہے کہ پاکستان سے اسمگلنگ کے جڑ سے خاتمے کا پختہ عزم رکھتا ہوں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت ملک میں اسمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس جمعے کو اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں وزیراعظم کو اسمگلنگ، افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے غلط استعمال، منشیات، اشیائے خوردونوش بشمول چینی، گندم، کھاد، پیٹرولیم مصنوعات، غیر قانونی اسلحے کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ بتایا گیا کہ 2 روز قبل قانون نافذ کرنے والے اداروں اور کسٹمز کی مشترکہ کارروائی میں مستونگ میں گودام پر چھاپا مارا جس میں ضبط شدہ اسمگل اشیا کی مالیت تقریباً 10 ارب روپے سے زاید ہے۔ وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ اسمگلروں، ذخیرہ اندوزوں اور ان کے سہولت کار سرکاری افسران کی فہرست تیار کرکے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور صوبوں کو فراہم کر دی گئی ہیں۔ وزیرِ اعظم نے نشاندہی شدہ افسران کو عہدے سے فوراً ہٹانے اور محکمانہ کارروائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے اسمگلروں اور منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کو قرار واقعی اور مثالی سزا دلوانے کی ہدایت کی۔ وزیرِ اعظم نے وزرات قانون و انصاف کو اس حوالے سے فوری طور پر ضروری قانون سازی کی ہدایت کی اور کہا کہ ملک و قوم کا پیسہ لوٹنے والوں اور ان کے سہولت کاروں کو قطعاً کسی بھی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی‘کسٹم حکام افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کو مانیٹر کرنے والے سسٹم کا تھرڈ پارٹی سے آڈٹ کرائیںِ۔ وزیرِ اعظم نے قومی سطح پر منشیات کے استعمال کی جانچ کے لیے سروے کے لیے فوری طور پر فنڈز جاری کرنے اور چینی کی مکمل طور پر اسمگلنگ روکنے کی ہدایت بھی جاری کی۔