مزید خبریں

پی آئی اے نجکاری، یورپی پروازوں پر پابندی ہٹنے کا امکان

اسلام آباد (آن لائن) قومی ائر لائن کی نجکاری سے قبل ہولڈنگ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اہم اجلاس طارق باجوہ کی زیر صدارت ہوا جس میں پی آئی اے کی نجکاری سے متعلق تیاریوں اور پیرس و نیدرلینڈز کے ہوٹلز سمیت اثاثوں کے حوالے سے شعبہ ورکس نے بریفنگ دی۔ پی آئی اے کے اضافی ملازمین کو رضاکارانہ ریٹائرمنٹ اسکیم کے تحت فارغ کرنے کی تجویز بھی دی گئی اور ساتھ ہی بتایا گیا کہ پی آئی اے پروازوں پر آئندہ ماہ یورپی ملکوں میں پابندی ہٹنے کا امکان ہے۔ پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ پروازوں کی بحالی سے سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھے گی، یورپی ملکوں میں بحالی سے پی آئی اے کو سالانہ اربوں روپے کی آمدنی ہوگی۔ اجلاس میں پی آئی اے کی تنظیم نو کے حوالے سے تازہ تفصیلات پر بورڈ کو آگاہ کیا گیا جبکہ نجکاری اور ائر لائن کے طیاروں سمیت روٹس کو بھی فروخت کرنے پر غور کیا گیا۔ پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی بورڈ اجلاس میں پی آئی اے کے اثاثوں کو الگ رکھنے کی تجویز دی گئی اور پیرس، نیدرلینڈز، امریکا میں روز ویلٹ ہوٹل سے متعلق تازہ اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔