مزید خبریں

منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاﺅن،مزید 26 گرفتار

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی ہدایات پر سندھ کے مختلف اضلاع میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاﺅن کا سلسلہ جاری ہے، ایکسائز نارکوٹکس کنٹرول اور پولیس کی جانب سے مختلف اضلاع سے جاری کریک ڈا¶ن میں مزید 26 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا، ملزمان سے 18 کلو چرس، ایک کلو کے قریب آئس، مضر صحت
گٹکہ ماوا، کچی شراب اور دیگر منشیات برآمد ہوئی ہیں۔ کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں ایکسائز نارکوٹکس کنٹرول نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم عابد ولد شاہ محمد کو گرفتار کر لیا۔ حیدرآباد میں ایکسائز کی سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی ہدایات پر قائم کی جانے والی ڈویژنل اسپیشل اسکواڈ نے مکرانی محلہ میں کارروائی کرتے ہوئے اسرا یونیوسٹی میں منشیات سپلائی کرنے والے ملزم کاشف مکرانی کو گرفتار کر لیا، ڈویژنل اسپیشل اسکواڈ کے انچارج میاں دانش، جاوید مہر اور اورنگزیب شاہ کی سربراہی میں ٹیم نے مکرانی محلہ میں کارروائی کی، گرفتار ملزم کاشف مکرانی، امجد مکرانی گروپ کا اہم کارندہ تھا اورایکسائز نارکوٹکس کنٹرول کو تین سال سے ملزم کی تلاش تھی۔ ایکسائز اور پولیس کے کامیاب کارروائیوں پر سندھ کے سینئر منسٹر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ایکسائز، ٹیکسیشن، نارکوٹکس کنٹرول، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ایکسائز اور پولیس کے افسران کی لگن اور بہادری کو سراہتا ہوں، منشیات کی اسمگلنگ اور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد قانون کی گرفت میں لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کی لعنت کے خاتمے اور محفوظ مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی، قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔