مزید خبریں

سکھر : جان محمد مہر کے قاتلوں کی گرفتاری کیلیے کمیٹی تشکیل

سکھر (نمائندہ جسارت) صحافی جان محمد مہر قتل کیس، آئی جی سندھ کی جانب سے صحافی جان محمد مہر کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے 4 ایس ایس پیز اور 2 ڈی ایس پیز پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی گئی، اس ضمن میں کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ کمیٹی میں ایس ایس پی بینظیر آباد تنویر تنیو ، ایس ایس پی سکھر عابد بلوچ، ایس ایس پی شکارپور عرفان سموں اور ایس ایس پی خیرپور زبیر نذیر شیخ جبکہ ڈی ایس پی سی ٹی ڈی قدوس کلوڑ اور ڈی ایس پی مشتاق شاہ شامل ہیں، کمیٹی 15 روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی، صوبائی وزیر داخلہ اور آئی جی سندھ نے مشاورت کے بعد کمیٹی تشکیل دی ہے۔ صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار اور آئی جی سندھ غلام نبی میمن کے دورۂ سکھر کے موقع پر پی ایف یو جے کے سیکرٹری فنانس لالا اسد پٹھان کی قیادت میں شہید صحافی کے ورثا اور صحافیوں کے وفد نے ان سے ملاقات کی تھی اور جان محمد مہر کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کے لیے اقدامات اُٹھانے کا مطالبہ کیا تھا، صوبائی وزیر داخلہ اور آئی جی سندھ نے قاتلوں کی جلد گرفتاری کی یقین دہانی کروائی تھی۔