مزید خبریں

ٹنڈو محمد خان : کروڑوں روپے کا سامان ایس آئی وی ڈی کے حوالے

ٹنڈو محمد خان (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر، ضلع کونسل کی جانب سے پیرامیڈیکل نرسنگ اسکول کے لیے 4 کروڑ روپے کا فرنیچر اور میڈیکل کے شعبے میں زیر استعمال سامان سندھ انسٹیٹیوٹ آف ویسکولر ڈیزیز کی انتظامیہ کے حوالے کرنے کے لیے اجلاس ڈپٹی کمشنر درموں بھاوانی کی زیر صدارت ڈی سی کمپلیکس میں ہوا۔ اجلاس میں محکمہ پبلک ورکس حکومت پاکستان کے ایکسئین غلام مصطفی لغاری نے بتایا کہ اسکیم سال 2022-23 کی ہے جسے سید عبداللہ شاہ انسٹیٹیوٹ آف سیوہن کی طرز پر ڈیزائن کیا گیا ہے جس کی تعمیر کے لیے (SAP) پروگرام کے تحت فنڈنگ ہو رہی ہے اور اس اسکیم میں ریوینیو کامپوننٹ کا حصہ ضلع کونسل، ڈپٹی کمشنر کی جانب سے سندھ انسٹیٹیوٹ آف ویسکیولر ڈیزیز کی انتظامیہ کے حوالے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسکیم 17 یونٹس پر مشتمل ہے جس میں 6 اہم یونٹ جس میں لیکچر ہال، کمپیوٹر لیب، پرنسپل آفس اور آڈیٹوریم ہال پر کام تیزی سے جاری اور آخری مراحل میں ہے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یہ پروجیکٹ ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کے اسٹینڈرڈ کے مطابق ڈیزائن اور تیار کیا جا رہا ہے جہاں ضلع ٹنڈو محمد خان و سندھ کے دیگر اضلاع کے طلبہ کو نرسنگ کی تعلیم کے بہتر مواقع میسر ہوں گے۔