مزید خبریں

بھٹ شاہ: ترقیاتی منصوبوں میں غفلت برتنے والوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

بھٹ شاہ (جسارت نیوز) ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ کی زیر صدارت ضلع کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے، تعمیراتی میٹریل کے معیار کو یقینی بنانے، تاخیر کے شکار منصوبوں کی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے اور منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں میں سستی اور غفلت برتنے والے افسران اور ٹھیکیداروں کے خلاف کارروائی کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کمپلیکس میں ہونے والے اجلاس میں سندھ حکومت کے صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام، ضلعی ترقیاتی پروگرام، مرمت، تزئین و آرائش، پیٹرولیم فنڈز سے ضلع مٹیاری میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ورکس اینڈ سروسز، اسکول ایجوکیشن، ہائی ویز، بلڈنگز اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کے افسران نے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر مٹیاری نے بعض اسکیموں میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ بلا تاخیر کام شروع کریں اور ضلع کے تمام ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تصویروں کے ساتھ تفصیلی پیش رفت رپورٹ جلد ارسال کریں۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون نور احمد کہرو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو مونس احمد، ایکسیئن ن وقار انور، ایکسیئن پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، اسسٹنٹ کمشنرز عبدالستار شیخ، عابد قمر اور دیگر نے شرکت کی۔