مزید خبریں

گندم کی قیمت 5 ہزار روپے مقرر کی جائے، جے آئی یوتھ

فیصل آباد (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر حافظ محمد نوید اعوان نے کہا ہے کہ پنجاب کی کچن کیبنٹ کے فیصلے عوام دشمنی پر مشتمل ہیں، صوبائی کابینہ کی جانب سے گندم کی امدادی قیمت 3900 روپے فی من مقرر کرنا، کاشتکاروں کا استحصال کرنے کے مترادف ہے، گندم کی امدادی قیمت کم از کم 5 ہزار روپے مقرر کی جائے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو چھوٹے کاشتکار کے مفادات کا تحفظ ہر صورت یقینی بنانا چاہیے، 50 لاکھ ٹن گندم حکومت کے گوداموں میں پڑی ہے، اس سے پنجاب کے 10 لاکھ غریب خاندانوں کو مفت گندم دی جا سکتی ہے، اگر حکومت یہ کام نہیں کر سکتی تو ہمارے سپرد کرے۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ زراعت معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، زرعی اجناس کی قیمتیں فصلوں کے رقبے اور پیداوار کی منصوبہ بندی اہم مراحل ہیں جن کا براہِ راست تعلق کسانوں سے ہے، دور دراز علاقوں میں جہاں مواصلات کا مناسب نظام موجود نہیں ہے، کاشتکاروں کو ملنے والی قیمتیں مرکزی منڈیوں اور بازاروں میں مروجہ قیمتوں کے مقابلے میں بہت کم ہیں، چھوٹے کاشتکاروں کو زرعی مداخل کے لیے کم از کم 5 لاکھ روپے تک بلاسود قرضہ دیا جائے تاکہ وہ مشکلات کا باآسانی مقابلہ کر سکیں۔