مزید خبریں

الٹرا ویسٹ انجکشن کی دستیابی حکومت کیلیے چیلنج بنی ہوئی ہے، طاہر ایوب

فیصل آباد (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کے رہنما میاں طاہر ایوب نے سی ٹی اسکین اور انجیو گرافی میں استعمال ہونے والے انجکشن کی عدم دستیابی اور بلیک مارکیٹنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اور محکمہ صحت کے افسران کی نااہلی سے 6500 روپے والا انجکشن مارکیٹ میں 16 ہزار روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے جس کی خریداری مریضوں کے لیے مجبوری بن گئی ہے، مریضوں کے لواحقین دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں لیکن انجکشن دستیاب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت محض اشتہار بازی میں مصروف ہے، الٹرا ویسٹ انجکشن کی دستیابی حکومت کے لیے چیلنج بنی ہوئی ہے، ایف آئی سی اور الائیڈ اسپتال ون ٹو میں انجیو گرافی اور سٹی اسکین کنٹراسٹ کے لیے استعمال ہونے والے انجکشن کی قلت کے مسئلے کو 8 ماہ سے زائد کا عرصہ گزر گیا، نگراں حکومت کے نوٹس میں لانے کے باوجود مسئلہ حل نہ ہوا، جبکہ موجودہ حکومت کو بھی 2 ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود مسئلہ جوں کا توں ہے۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ حکومت کے پاس غیر ضروری معاملات پر وقت ضائع کرنے کا ٹائم ہے لیکن عوامی مسائل پر غور کر کے انہیں حل کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی جا رہی، اس مہنگائی کے دور میں غریبوں کو علاج کی سہولتوں سے بھی محروم کرانے میں شدید دشواریوں اور اذیت کا سامنا ہے۔