مزید خبریں

پاکستانیوں کو ہر شعبے میں ترجیحاً ملازمت دینگے، ڈاکٹر بخیت الرومتی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) متحدہ عرب امارات اور اسٹیویٹا کے تعاون سے کراچی کے علاقے بفرزون میں گورنمنٹ ووکیشنل ٹریننگ انسٹویٹ میں عربی زبان سکھانے کا سینٹر قائم کردیا گیا۔ عربی زبان سینٹر کا افتتاح متحدہ عرب امارات کے کراچی میں قونصل جنرل ڈاکٹر بخیت عتیق الرومتی نے کیا۔ اس موقع پر قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کے مختلف شہروں میں بہت سے پاکستانی کام کررہے ہیں اور دبئی کی ترقی میں پاکستانیوں کا بہت بڑا کردار ہے۔ پہلے لوگ عربی زبان کا کورس کرکے ملازمت کرنے یو اے ای جایا کرتے تھے، لیکن پھر یہ سلسلہ کم ہوگیا۔ گلف ممالک میں 70 لاکھ پاکستانی کام کرتے ہیں۔ زبان کا مسئلہ لوگوں کے ساتھ تھا لوگ اپنا مسئلہ زبان کی واقفیت نہ ہونے کے باعث ڈاکٹرز کو نہیں بتا سکتے تھے۔ قونصل جنرل کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے نوجوان یہاں سے عربی زبان سیکھ کراچھاروزگار اپنا سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کو ہرشعبے میں ترجیحی بنیادوں پر ملازمت دی جائے گی۔ یہاں کے طلبہ کو جلد یو اے ای کے ویزا سینٹر بھی بلایا جائے گا۔ طلبہ سے کہتا ہوں کہ سوشل میڈیا پر ملک کے خلاف چلنے والی وڈیوز پر ہرگز یقین نہ کریں بلکہ انہیں ڈیلیٹ کردیں۔