مزید خبریں

ایران مزائل حملے میں اسرائیل کے ایٹمی پلانٹ کو نشانہ بنانے میں کامیاب رہا،اسرائیلی اخبار

مقبوضہ بیت المقدس/واشنگٹن/دمشق (مانیٹرنگ ڈیسک ) اسرائیلی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران ہفتے کی شب کیے گئے میزائل اور ڈرون حملے میں اسرائیل کے دیمونہ جوہری ری ایکٹر کو براہ راست نشانہ بنانے میں کامیاب رہا۔اسرائیلی اخبار کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کے فضائی دفاعی نظام نے ایران کے 99 فیصد نہیں 84 فیصد ہتھیاروں کو روکا۔اخبار نے کہا ہے کہ سیٹلائٹ تصاویر کے مطابق دیمونہ ری ایکٹر پر ایک حملہ براہ راست ہوا جب کہ 2 حملے اطراف میں ہوئے۔اس کے علاوہ صحرائے نقب میں اسرائیلی فوجی اڈے پر 4 ایرانی میزائل گرے، اڈے میں گرنے والے ایرانی میزائلوں کا ملبہ ملا ہے جب کہ اسرائیلی دفاعی نظام کے انٹرسیپٹر میزائلوں کی کوئی باقیات نہیں ملی۔خیال رہے کہ ایران نے دمشق میں ایرانی سفارت خانے پر اسرائیل کے فضائی حملے کے جواب میں ہفتے کی شب اسرائیل پر 300 سے زائد میزائل اور ڈرون داغے تھے۔ اسرائیل فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے اپنے اتحادی ممالک کے ساتھ مل کر 99 فیصد میزائل اور ڈرون مار گرائے تھے۔ادھر اسرائیل کے جوابی حملے کے خدشے کے پیش نظر ایران کی پاسداران انقلاب کور نے مبینہ طور پر شام سے اپنے اعلی فوجی مشیروں کو واپس بلا نا شروع کر دیا ہے۔ امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق ایران اسرائیلی حملے سے نمٹنے کی تیاری کر رہا ہے اور مبینہ طور پر اپنی فضائیہ کو حملوں کو روکنے کے لیے تیار کر رہا ہے جب کہ اس کی بحریہ کے جہاز بحیرہ احمر میں تجارتی ایرانی بحری جہازوں کی حفاظت کے لئے روانہ کیے جا رہے ہیں۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاسداران انقلاب کور کے ساتھ ساتھ لبنان کی حزب اللہ بھی شام میں اپنے سینئر افسران کی موجودگی کو کم کر رہی ہے۔ دوسری جانب امریکی اے بی سی نیوزنے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل کی طرف سے عید فسح کے مذہبی تہوار کی تعطیلات گزرنے تک ایران پر حملہ نہ کرنے کا امکان ہے۔یہودی مذہب میں پاس اوور یا عید الفسح اہم تہوار ہے جو بائبل کی روایت کے مطابق مصر میں اسرائیلیوں کی غلامی سے آزادی کی یاد میں منایا جاتا ہے۔یہ تہوار پیر کو شروع ہوتا ہے اور 30اپریل کی رات کو ختم ہوتا ہے۔ امریکی عہدیدار نے مزید کہا کہ ایرانی اسلامی پاسداران انقلاب کور اور دوسری اہم قیادت اب تک ہائی الرٹ پوزیشن پر ہے جب کہ ان میں سے کچھ رہنما سیف ہائوسز اور زیر زمین مراکز میں موجود ہیں۔یہ خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب کہ ایگزی آس نے 5 اسرائیلی اور امریکی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے ہفتے کے روز ایران کی جانب سے کیے گئے حملے کا تقریباً فوری جواب دینے کے بارے میں غور کیا لیکن فیصلہ اس کے برخلاف کیا۔ اے بی سی نیوز کے مطابق اسرائیل نے پیر کی رات جوابی کارروائی کرنے کے بارے میں فیصلہ کیا، پھر بعد میں اسے موخر کردیا۔ علاوہ ازیں اسرائیل نے رفح پر بمباری کرکے 5 بچوں سمیت مزید 11فلسطینیوں کو شہید کردیا جب کہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے شمالی اسرائیل کے قصبے عرامشہ میں فوجی تنصیبات پر گائیڈڈ میزائلوں سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 14 اسرائیلی فوجی زخمی ہو گئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ زخمی فوجیوں میں سے 6 کی حالت تشویش ناک ہے۔حزب اللہ کا کہنا تھا کہ اس نے شمالی اسرائیل میں گائیڈڈ میزائلوں اور ڈرون سے اسرائیلی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔حزب اللہ کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوجی تنصیبات پر حملہ عین البال اور شہابیہ میں مزاحمت کار سپاہیوں کی شہادت کا بدلہ لینے کے لیے کیا گیا۔