مزید خبریں

سعودی وفد کی آمد سے تجارتی تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوا ،وزیر اعظم

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی وفد کی آمد سے تجارتی تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوا۔اسلام آباد میں سعودی سرمایہ کاری سے متعلق جائزہ اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بین الاقوامی سرمایہ کاری کے منصوبے مکمل کرنے کے لیے عالمی ماہرین کی خدمات لی جائیں، سعودی سرمایہ کاری کے منصوبوں کی تکمیل کی خود نگرانی کریں گے۔شہباز شریف کا کہنا تھاکہ فرسودہ طریقہ کار اور سرخ فیتہ بالکل نہیں چلے گا، بین الاقوامی سرمایہ کاری کے منصوبوں پر کسی بھی قسم کی لاپرواہی قبول نہیں۔انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب کے معروف کاروباری شخصیات کے وفد کی پاکستان آمد جلد متوقع ہے، وزارتوں کی استعداد بڑھانے کے لیے جامع لائحہ عمل پیش کیا جائے، سرمایہ کاری بورڈ، ایس آئی ایف سی اور متعلقہ وزارتیں منصوبوں کی تکمیل کے لیے لائحہ عمل بنائیں۔وزیراعظم آفس کے مطابق اجلاس کو مختلف شعبوں میں سعودی وفد کی سرمایہ کاری میں دلچسپی اور پاکستان کی جانب سے منصوبوں کی پیش کش کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ دونوں ممالک کے مابین مذاکرات میں کان کنی و معدنیات، زراعت، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور انفراسٹرکچر کی ترقی کے شعبوں میں سرمایہ کاری پر گفتگو ہوئی۔اجلاس میں وفاقی وزراء محمد اسحاق ڈار، خواجہ محمد آصف، جام کمال خان، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، رانا تنویر حسین، احسن اقبال، سالک حسین چودھری، سردار اویس خان لغاری، عبدالعلیم خان، ڈاکٹر مصدق ملک، وزیرِ مملکت شزہ فاطمہ خواجہ، معاون خصوصی طارق فاطمی، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن محمد جہانزیب خان، ارکان قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی، رومینہ خورشید عالم، وزیرِ اعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔