مزید خبریں

میرپورخاص: آم کی فصل پر مختلف بیماریوں کا حملہ

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) میرپورخاص اور گرد و نواح میں آم کی فصل پر خربور، کالا دھیلا، فروٹ فلائی اور دیگر بیماریوں کے حملے سے فصل شدید متاثر ہو رہی ہے، رواں سال آم کی پیداوار 30 فیصد تک کم ہونے کا اندیشہ ہے۔ اس حوالے سے رابطہ کرنے پر زمینداروں حاجی محمد عمر بھگیو، غلام مصطفی بلوچ اور دیگر نے بتایا کہ بیماریاں سرد ہواؤں کی وجہ سے حملہ آور ہوئی ہیں، اپریل میں گرم ہوائیں اور لو چلنے سے یہ بیماریاں سر نہیں اُٹھاتیں لیکن امسال سرد ہوائیں چلنے کی وجہ سے خربور، کالا دھیلا، فروٹ فلائی سمیت دیگر بیماریاں آم کی فصل کے علاوہ کپاس کی فصل پر بھی اثر انداز ہو رہی ہیں جس سے کپاس کی فصل بھی متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آم کے درخت پر لگے بور کے گچھوں پر خربور کی بیماری ختم کرنے کے لیے بیماری والے گچھے توڑ کر یا تو دفن کر دیا جائے، یا آم کے باغ سے دور لے جا کر نذرآتش کر دیا جائے تو آئندہ سال اس بیماری سے بچا جا سکتا ہے، اگر انہیں تلف نہ کیا گیا تو خربور میں موجود انڈوں سے بچے نکل آتے ہیں جو فصل کا زیادہ نقصان کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایگریکلچرل ریسرچ انسٹیٹیوٹ نے بیماریوں پر قابو پانے کے حوالے سے کوئی ریسرچ نہیں کی جس کی وجہ سے فصل کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے اور جو زرعی دوائیں موجود ہیں وہ ان بیماریوں کے خاتمے کے لیے بے سود ہیں۔