مزید خبریں

سجاول : کنزیومر پروٹیکشن کورٹ کے حوالے سے سیمینار

سجاول (نمائندہ جسارت) سندھ ہائیکورٹ کی ہدایت پر خریداروں کے حقوق کی محافظ کنزیومر پروٹیکشن کورٹ کے حوالے سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میں آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج رحمت اللہ مورو نے کہا کہ جب تک خریدار اپنے حقوق سے آگاہ نہیں ہوگا وہ اپنے حقوق کا تحفظ نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ خریدار بازار سے کوئی بھی چیز خریدتا ہے تو اس وقت دکاندار سے بل ضرور لے جس میں خریداری کی تاریخ، اس چیز کی تفصیل، مقدار، قیمت اور دکان کا پورا پتہ درج ہو، اگر چیز خراب ہو، جعلی، نقلی یا مقررہ قیمت سے زیادہ ہو تو ایسا خریدار کنزیومر پروٹیکشن کورٹ میں شکایت درج کرواکر معاوضے کی صورت میں معاوضہ حاصل کر سکتا ہے، نہ صرف یہ بلکہ بیچنے والے کو معزز عدالت جرمانہ اور سزا بھی دے سکتی ہے، ایسی درخواست کا دعویدار مذکورہ عدالت میں خود یا اپنے وکیل کے ذریعے درخواست دائر کر سکتا ہے، درخواست گزار اپنی شکایت ڈاک کے ذریعے بھی عدالت کو بھیج سکتا ہے، جو بھی دکاندار یا کمپنی قصوروار پایا گیا اسے قید یا جرمانہ یا دونوں سزائیں بھی ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ کنزیومر پروٹیکشن کونسل کو چاہیے کہ وہ پبلک مقامات سمیت مارکیٹوں اور دیگر نمایاں جگہوں پر اس قسم کے آگاہی سیمینار منعقد کرنے سمیت پمفلیپ آویزاں کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں میں آگاہی اور شعور بیدار کیا جا سکے۔