مزید خبریں

ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کا ریکارڈ شاندار ہے

نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان 5 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں آج کھیلا جائے گا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پاکستان میں ہونے والا یہ چھٹا اور کل ملاکر40 واں ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ ہوگا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان جو39 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ اب تک کھیلے گئے ہیں اس میں پاکستان نے 21اور نیوزی لینڈ نے 17 میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ایک میچ نامکمل رہا ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان جو آخری 5 ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی میچ کھیلے گئے اس میں پاکستان نے ایک میچ اور نیوزی لینڈ نے 4 میچ جیتے ہیں ۔دونوں کے درمیان آخری مقابلہ 21 جنوری 2024 کوکرائسٹ چرچ میں ہوا تھا جس میں پاکستان نے 42 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 20 اوور میں8وکٹوںپر 134 رنز بنائے تھے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم 17.2 اوور میں92رنز بناکر آئوٹ ہو گئی تھی جسکی وجہ سے پاکستان نے اس میچ میں جیت اپنے نام کی تھی۔ اس سیریز میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نئے اور کم تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جسکی وجہ سے پاکستان کے پاس اس سیریز میں کلین سوئپ کا سنہری موقع ہے۔ پاکستان کی قیادت اس سیریز میں بابر اعظم کریں گے جبکے مائیکل برسویل نیوزی لینڈ کے کپتان ہونگے۔پاکستان کا نیوزی لینڈ کے خلاف سب سے بڑاا سکور مقررہ 20 اوور میں4 وکٹوں پر201 رنز ہے جو اس نے25 جنوری 2018 کو آکلینڈ میں بنایا تھا۔نیوزی لینڈ کا پاکستان کے خلاف سب سے بڑاا سکور20 اوور میں 8 وکٹوں پر226رنز ہے جو اس نے آکلینڈ میں12 جنوری 2024 کو بنایا تھا۔پاکستان کا نیوزی لینڈ کے خلاف سب سے کم ا سکور 16.1اوور میں میں 101رنز ہے جو اس نے22 جنوری 2016 کو ویلنگٹن میں کھیلے گئے میچ میں بنایا تھا۔نیوزی لینڈ کا پاکستان کے خلاف سب سے کم ا سکور15.5 اوور میں80 رنز ہے جو اس نے ویلنگٹن میں ہی30 دسمبر 2010 کو بنایا تھا۔نیوزی لینڈ کے لئے پاکستان کے خلاف سب سے بڑا انفرادی اسکور کرنے کا اعزاز فن ایلن کے پاس ہے جنہوں نے17 جنوری 2024 کوڈونیڈن میں کھیلے گئے میچ میں94 منٹ میں 62گیندوں پر5 چوکوں اور 16 چھکوں کی مدد سے137 رنز بنائے تھے۔ بابر اعظم نے لاہورمیں15 اپریل2023 کو کھیلے گئے میچ میں58 گیندوں پر11 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے آئوٹ ہوئے بغیر101 رنز بنائے تھے جو پاکستان کے لئے نیوزی لینڈ کے خلاف سب سے بڑا نفرادی اسکور ہے۔پاکستان کی جانب سے نیوزی لینڈ کے خلاف سب سے اچھی بولنگ کا ریکارڈ عمر گل کے پاس ہے جنہوں نے اوول میں13 جون2009 کو کھیلے گئے میچ میں 3 اوور میں6 رنز دیکر 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔ نیوزی لینڈ کے لئے پاکستان کے خلاف سب سے اچھی بولنگ کا ریکارڈ ٹم ساوتھی کے پاس ہے جنہوں نے آکلینڈ میں 26 دسمبر2010 کو4 اوور میں18 رنز دیکر 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔اس وقت ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں پاکستان249 پوائنٹس کے ساتھ 5ویں پوزیشن پر ہے جبکے نیوزی لینڈ 254 پوائنٹس کے ساتھ رینکنگ میں چوتھے درجے پر ہے۔ اس سیریز میں کامیابی سے پاکستان کی رینکنگ اچھی ہوسکتی ہے۔