مزید خبریں

شہری روزانہ 51کروڑ 40لاکھ روپے کی مرغیاں کھا جاتے ہیں

کراچی(رپورٹ:منیر عقیل انصاری) کراچی میں 10لاکھ کلو اور51کروڑ40لاکھ روپے مالیت کی مرغیاں شہری کھا جاتے ہیں،کراچی میں 1لاکھ 75 ہزارافرادمرغی کے گوشت کے کاروبار سے وابستہ ہیںاور چھوٹی بڑی40ہزار دوکانیں موجود ہیں ۔شادی ہو یا کوئی اور تقریب گھر میں مہماندار ی ہو یا گھر سے باہر کہیں کھانے کا پروگرام عام آدمی کے لیے گوشت کی اقسام میں سے مرغی کا گوشت ہی وہ واحد صنف ہے جو معاشی اعتبار سے اس کی پہنچ میں ہے جبکہ گائے بکرے اورمچھلی کا گوشت تو عام آدمی کیا اچھی اچھی آمدنی والے گھرانوں کی پہنچ سے بھی باہر ہو چکا ہے۔ چکن کا گوشت تقریباً ہر کوئی کھانا پسند کرتا ہے۔ چاہے کوئی دعوت ہو یا پھر روزمرہ کے کھانے پکانے چکن کا گوشت مرغوب غذا ہے، اس حوالے سے کراچی چکن ریٹیلرز ایسوسی ایشن کے صدر عمران مغل نے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ کراچی میں پیر ،منگل اور بد ھ کے علاوہ مرغی کا گوشت بڑی تعداد میں فروخت ہوتاہے،کراچی میں10لاکھ کلو زندہ مرغی روزانہ فروخت ہوتی ہے،ہول سیل کے حساب سے آج کی زندہ مرغی کی قیمت 514روپے فی کلو کے حساب سے لگائیں تو اس کی مالیت 51 کروڑ40لاکھ روپے کے حساب سے بنتی ہے ان مرغیوں کا گوشت کراچی کے شہری روزانہ کھا جاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پو لٹری کی صنعت اس وقت کئی ارب روپے کی صنعت ہے جس میں ہر سطح کے لوگوں کی کثیر سرمایہ کاری ہے اور اس سے لاکھوں افراد کا روزگار وابستہ ہے اور یہ عام آدمی کو سستے اور معیاری گوشت کی فراہمی کا واحدذریعہ ہے کیونکہ یہ ایک حقیقت ہے کہ گوشت کی دیگر اقسام عوام الناس کی اکثریت کی پہنچ سے دور ہو چکی ہیں۔ حکومت اگر سہولت دے تو سارا سال ایک ہی ریٹ پر مرغی کا گوشت دستیاب ہو سکتا ہے،انہوں نے کہا کہ کراچی میں چکن کی ستر فیصد کھپت کمرشل شعبے میں ہوتی ہے اور تیس فیصد لوگ گھروں میں استعمال کرتے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کی ویب سائٹ پر موجود اعداد و شمار کے مطابق پولٹری کے بزنس کا سالانہ ٹرن اوور 750 ارب روپے ہے جس میں پندرہ لاکھ افراد کو روزگار مل رہا ہے۔ملک میں پولٹری فارموں کی تعداد بیس ہزار سے زیادہ ہے جن میں سالانہ 1.2 ارب برائلر مرغیوں کی پیداوار ہوتی ہے جس سے ڈھائی ارب کلوگرام سے زاید گوشت فراہم ہوتا ہے۔ملک میں روزانہ کی بنیادوں پر نوے لاکھ سے ایک کروڑ برائلر مرغی کی سپلائی ہوتی ہے جو گوشت کی صورت میں ایک کروڑ بیس لاکھ سے تیس لاکھ کلو گرام بنتا ہے۔ پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دنیا میں جانوروں کے گوشت میں کھانے کے لیے سب سے زیادہ مرغی کا گوشت پسند کیا جاتا ہے۔ یہ عالمی سطح پر سب سے زیادہ کھایا جانے والا گوشت ہے۔