مزید خبریں

ادبی تنظیم ” اظہار” کے تحت رمضان المبارک کی مناسبت سےنعتیہ مشاعرہ

سعودی عرب کے دارالحکومت الریاض میں معروف علمی اور ادبی تنظیم ” اظہار” کے زیراہتمام اظہار مرکز پرتنظیم کے سرپرست اعلیٰ اور معروف ماہر تعلیم پروفیسر عظمت اللہ بھٹہ کی فکری دعوت پر رمضان المبارک کی مناسبت سے ایک نعتیہ مشاعرے کا اہتمام کیا گیا۔ الریاض سے عابد شمعون چاند کے مطابق تقریب میں پروفیسر بدر منیر پرنسپل پاکستان انٹرنیشنل سکول ریاض، پروفیسر گوہر رفیق، پروفیسر سعادت اللہ خان، پروفیسر جمیل احمد اور کنگ سعود یونیورسٹی کے انگریزی ادب کے پروفیسر ساجد محمود نے خصوصی شرکت کی۔ نشست کی صدارت معروف ماہر تعلیم اور تخیل ادبی فورم کے روح رواں پروفیسر اقبال اعجاز بیگ نے کی۔ جبکہ نظامت کے فرائض راشد محمود نے ادا کئے۔ مشاعرہ میں جن شعراء کرام نے اپنے نعتیہ کلام سے سامعین کو روحانی طور پر ترو تازہ کیا ان میں شاہد خیالوی، منصور محبوب، سلیم کاوش اور پروفیسر اقبال اعجاز بیگ شامل تھے۔ تقریب کے آخر میں اظہار کے سرپرست اعلیٰ پروفیسر عظمت اللہ بھٹہ نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ملکی مسائل ان کی وجوہات اور حل کے لئے تجاویز مرتب کر کے ارباب اختیار تک پہنچائی جائیں۔ بعد ازاں تمام شرکا کے لئے طعام سحور کا انتظام پرتکلف کھانوں سے کیا اور یوں یہ خوبصورت تقریب اختتام پذیر ہوئی۔