مزید خبریں

کراچی میں بڑھتی ہوئی وارداتیں معمول کا حصہ ہیں‘ کراچی پولیس چیف

کراچی (رپورٹ محمدانور) کراچی پولیس چیف سینئر ڈی آئی جی عمران یعقوب منہاس نے شہریوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پولیس کی جدید حکمت عملی کے نتیجے میں شہر میں ڈکیتی و رہزنی کی وارداتوں میں واضح طور پر کمی آجائے گی،جس کے نتائج عید کے فوری بعد نظر آنے لگیں گے۔ وہ جمعہ الوداع کو ”جسارت ” سے گفتگو کررہے تھے۔ عمران یعقوب منہاس نے کہا کہ شہر میں بڑھتی ہوئی وارداتیں کسی کے خلاف سازش نہیں بلکہ یہ معمول کا حصہ ہے، ہر سال رمضان المبارک کے ماہ میں ایسی وارداتوں میں اضافہ ہوجایا کرتا ہے جس کی بہت ساری وجوہات میں بڑھتی ہوئی بیروزگاری اور خراب معاشی صورتحال ہے۔ ڈکیتی و رہزنی کی وارداتوں کی وجہ صرف پولیس کی نااہلی نہیں ہے دنیا کے ہر بڑے شہروں میں اسی طرح جرائم کی وارداتیں ہوا کرتی ہے۔ وزیر اعلٰی سندھ مراد علی شاہ نے ان وارداتوں کی روک تھام کے لیے پولیس کو خصوصی ہدایت جاری کی ہے، جن پر عملدرآمد کیا جارہا ہے۔ کراچی پولیس کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہے وہ لوگوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے نئی حکمت عملی سے کام لے رہی ہے جس کے بہترین نتائج عید کے فوری بعد شہریوں کو نظر آنے لگے گے۔ عمران یعقوب منہاس نے کہا کہ یہ بات اطمینان کی ہے کہ مسلسل وارداتوں کے باوجود شہریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اپنے طور پر بھی ایسی وارداتوں کے خاتمے کی کوشش کیا کرتے ہیں جو شہریوں کا حق بھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان وارداتوں کی روک تھام کے لیے پولیس کو ہدایت کی جاچکی ہے جبکہ مختلف تھانوں کے ایس ایچ اوز کے ضرورت کے تحت تبادلوں کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ یقین ہے کہ پولیس ان وارداتوں پر جلد ہی قابو پا لے گی، انھوں نے توقع ظاہر کی کہ عوام پولیس سے تعاون کرتے رہے گے۔