مزید خبریں

رمضان میں پی ای سی ایچ ایس کے باسی پانی سے محروم

کراچی (رپورٹ:منیر عقیل انصاری) کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن، پی ای سی ایچ ایس میں عوام کو پانی کی سپلائی میں ناکام، یوسی کے وائس چیئرمین نے علاقے میں پانی کی عدم فراہمی کے حوالے سے واٹرکارپوریشن کو خط لکھ دیا، تفصیلات کے مطابق کراچی کے دیگر علاقوں کی طرح پی ای سی ایچ ایس بلاک II یونین کمیٹی 2میں رمضان المبارک کے آغاز سے اب تک لوگ پانی سے محروم ہیں، چنیسر ٹائو ن یوسی 2 کے وائس چیئر مین عبدالباقی (بلال) نے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میں نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ایکس ای این عارف ستار کو متعدد بار یوسی میں پانی کی غیر اعلانیہ کمی کی نشاندہی کی اور خط لکھنے کے باوجودیو نین کمیٹی2 میں رمضان المبارک کے آغاز سے تاحال تمام علاقہ پانی کی سپلائی سے تقریباً محروم ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبار ک کے دوران روزانہ کی بنیاد پر کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے اے ای ساجد سے رابط کرتے رہے اور ان کی جانب سے مستقل یقین دہانیوں کے باوجود یونین کمیٹی صاف پانی کی سپلائی سے محروم ہے۔ اے ای کی جانب سے پانی کی بندش کی وجہ صنعتی ایریا میں پانی کی بلک سپلائی بتایا گیا ہے۔ جبکہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی جانب سے پانی کی عدم دستیابی کی کوئی اطلاع نہیں دی گئی ہے انہوں نے واٹر بورڈ کو لکھے گئے خط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کیا بلک سپلائی کے افسران اور عملہ ٹینکر مافیا کے مفاد کے لیے کام کر رہا ہے؟ یوسی میں پانی کی عدم فراہمی کی وجہ سے ٹینکر مافیا کی چاندی ہو گئی ہے ، پانی کی عدم فراہمی کی صورت میں مقامی عملے کی بھی عید سے قبل عید عید ہو گئی ہے کیونکہ جب عوام کو پانی نہیں ملتا تو عملے سے رابطہ کرتے ہیں اور افسران کے ماتحت عملہ اپنے اختیارات کا سودا کرتا ہے اور غیر قانونی نئے کنکشن کے مشورے دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کے مہینے میں کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کا عملہ روزہ کا بہانہ بناکر دن میں غیر حاضر ہوتا ہے اور رات کے اندھیرے میں تمام عملہ علاقے میں غیر قانونی مفادات سمیٹنے میں مصروف نظر آتا ہے۔ یونین کمیٹی نے گزشتہ ایک سال میں بلڈرمافیا کہ غیر قانونی تعمیرات کو دیے گئے نئے کنکشن کی دستاویزات و تفصیلات فوری طور پر یونین کمیٹی کو فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی کنکشن بھی پانی کی کمی کی ایک اہم وجہ ہے۔ انہوں نے خط میں لکھا ہے کہ یونین کمیٹی 2 میں کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے افسران کے ماتحت عملہ دن کی روشنی کے بجائے رات کے اندھیرے میں غیر قانونی کام کرنے کو فوری روکا جائے۔یونین کمیٹی میں صاف پانی کی لائنوں میں سیوریج کا پانی شامل ہوکر آرہا ہے اس مسئلے کا فوری سدباب کیا جائے۔ گزشتہ 20 دنوں سے تاحال واٹر بورڈ یونین کمیٹی 2 کے عوام کو صاف پانی کی فراہمی میں ناکام ہے۔ انہوں نے خط میں لکھا ہے کہ اس سلسلے میں ایکس ای این نے اگر واٹر بورڈ کے کسی اعلیٰ حکام سے تحریری شکایت کی ہے تو اس لیٹر کی کاپی ، چنیسر ٹائون یوسی 2کے کوفراہم کی جائے۔