مزید خبریں

قدیم ایس آر ایس اسپتال کی ساکھ بحال کرنے میں میئر کی خصوصی دلچسپی

کراچی ( رپورٹ محمدانور) بلدیہ عظمیٰ کراچی تاریخی سرفراز رفیقی شہید اسپتال کی ازسر نو تزئین و آرائش کر رہی ہے،اور اب تک اسپتال کے گائناکالوجسٹ وارڈ، میڈیکل وارڈ، پیتھالوجیکل لیبارٹری، ڈینٹل کلینک، پیڈز وارڈ، الٹراسائونڈ کے شعبوں کو بہتر بنا کر انہیں غریب اور ضرورت مند مریضوں کے لیے فعال کردیا گیا ہے۔ یہ بات ایس آر ایس اسپتال کے انچارج ڈاکٹر غلام عباس نے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ ڈاکٹر غلام عباس نے بتایا کہ آرام باغ کے علاقے میں واقع تاریخی و قدیم اس اسپتال کی بہتری کے لیے بلدیہ عظمیٰ کراچی 35 سال بعد خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ اس ضمن میں میئر مرتضیٰ وہاب صدیقی نے میٹرو پولیٹن کمشنر افضال زیدی کو خصوصی ٹاسک دیا ہے۔ ایم ایس ڈاکٹر غلام عباس نے بتایا ہے کہ اسپتال کے تمام شعبوں میں او پی ڈی چارجز کی فیس 20 روپے مقرر کردی گئی ہے، جبکہ گائناکالوجسٹ شعبے کے چارجز 500 روپے مقرر کیے گئے ہیں۔ انہوں بتایا کہ عید کے فوری بعد تمام اہم شعبوں کے آپریشن تھیٹر کو بھی فعال کر دیا جائے گا، جبکہ اسپتال کے مریضوں کے لیے مختلف لیبارٹریز سے انتہائی کم فیسوں پر لیبارٹری ٹیسٹ کروانے کے لیے مختلف لیبارٹریز کی انتظامیہ سے بات چیت جاری ہے تاکہ شہر کے غریب مریضوں کو زیادہ سے زیادہ طبی سہولیات بہم پہنچائی جا سکیں۔ ڈاکٹر غلام عباس نے بتایا کہ اسپتال کی لیب چونکہ گزشتہ 5 سال سے متعلقہ ذمے داروں کی عدم دلچسپی کے باعث بند ہو چکی ہے اس لیے مختلف ٹیسٹ کرانے کے لیے نجی لیبارٹریز کی انتہائی کم چارجز کے عوض خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اسپتال کی چوتھی منزل خستہ حال ہو چکی ہے جس کی فوری مرمت کے لیے میئر کراچی کو سفارشی خط بھیجے جا چکے ہیں۔