مزید خبریں

عباسی شہید اسپتال میں اہم اسامیوں پرجونیئر ڈاکٹرز کا تقرر

کراچی (رپورٹ محمدانور) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے عباسی شہید اسپتال میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی عدم توجہ سے اہم انتظامی و طبی عہدوں پر او پی ایس کی بنیاد پر اہم عہدوں پر تقرریاں کی جانے لگیں، جس سے سینئر اور ان عہدوں کے لیے اہل ڈاکٹرز میں تفتیش پائی جاتی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق سینئر ڈائریکٹر ایچ آر ایم کی ہدایت پر عباسی شہید اسپتال کی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی اسامی پر ڈاکٹر جاوید کا تقرر کردیا گیاجبکہ ڈاکٹر جاوید میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی حیثیت سے اس سے قبل پوسٹنگ کا کوئی تجربہ نہیں رکھتے وہ محض پیڈز ڈیپارٹمنٹ میں کام کرنے کا تجربہ رکھتے ہیں جبکہ ایڈیشنل ایم ایس کے طور پر تعینات کیے گئے ڈاکٹر اشعر زیدی آر ایم او ڈینٹل ہیں، ان کے پاس اسپتال کے انتظامی امور کا کوئی تجربہ نہیں ہے، نہ ہی ایک دندان ساز کو ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کی اسامی پر تعینات کیا جاسکتاہے، اس کے باوجود انہیں اسپتال کی اہم اسامی پر متعین کردیا گیاجبکہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کلینیکل ڈاکٹر کامران کو مقرر کر دیا گیا ہے، وہ بھی صرف آرتھوپیڈک فیلڈ کا تجربہ رکھتے ہیں، ان کے پاس مبینہ طور پر میڈیکل انتظامی امور کا کوئی تجربہ نہیں ہے، اس کے باوجود انہیں عباسی شہید اسپتال کا اسسٹنٹ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تعینات کردیا گیا۔ عباسی شہید اسپتال میں تقریبا1 درجن سے زائد ایسے ڈاکٹرز طبی خدمات انجام دے رہے ہیں، جن کا تقرر لیو ویکینسیس کی بنیاد پر خلاف قانون کیا گیا ہے، حکومت سندھ نے بھی ان تقرریوں کی منظوری نہیں دی ہے۔ اس کے باوجود یہ ڈاکٹر گریڈ17 اور18 کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ یاد رہے کہ عباسی شہید کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ و سینئر ڈاکٹر نسیم کو ان دنوں خلاف قاعدہ معطل کیا ہوا ہے، جس پر ڈاکٹر نسیم عدالت سے رجوع کرچکے ہیں۔