مزید خبریں

پریا کماری کی بازیابی کے لیے امن فورم کے تحت مظاہرہ

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)شہید بلقیس چانڈیو آرگنائزیشن سندھ اور وطن پاکستان امن فورم کی جانب سے معصوم بچی پریا کماری کی بازیابی کے لیے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں سول سوسائٹی کے نمائندوں سمیت وکلاء اور کارکنان بھی شریک تھے جبکہ مظاہرے کی قیادت کرتے ہوئے ایڈوکیٹ نثار چانڈیو ،نظیر قریشی ،عبداللطیف چانڈیو ،دلپ کمار اور دیگر نے کہا کہ معصوم بچی پریا کماری سندھ کی بیٹی ہے جو کہ گذشتہ کئی عرصہ سے ظالموں کی قید میں ہے لیکن سندھ کے حکمران نے ان ظالموں کو بچانے کے لئے معصوم بیٹی کی زندگی کو دائو پر لگا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پریا کماری کی آزادی کے لیے اس وقت پورا سندھ سراپا احتجاج بنا ہوا ہے اور حکمرانوں کو معلوم ہے کہ پریا کمار کس کے پاس قید ہے لیکن اس کے باوجود بھی سندھ کی بیٹی پریا کماری کو آزاد کرانے کے لئے کسی بھی طرح کی حکمت عملی تیار نہیں کی جا رہی ہے بلکہ شہریوں کو تحفظ دینے والے ادارے بھی اپنی نوکریاں اور پروموشن حاصل کرنے کیلئے اپنا فرض نبھانے کے بجائے صرف مفادات کی جنگ میں مصروف ہیں۔ رہنمائوں نے چیف جسٹس آف پاکستان، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ اور ارباب اختیار سے اپیل کی کہ سندھ کی معصوم بیٹی پریا کماری کی بازیابی کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔