مزید خبریں

پڈعیدن: تنخواہوں میں کٹوتی اور عید کے کپڑے نہ ملنے پر مزدور یونین کا احتجاج

پڈعیدن (جسارت نیوز) نوشہرو فیروز میں مبینہ میونسپل لیبر یونین ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی اور عید کے کپڑے نہ ملنے کے خلاف مزدور یونین کی جانب سے میونسپل آفس کے مین گیٹ سے پریس کلب تک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ ریلی میں شامل ملازمین نے چیئرمین میونسپلٹی کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر یونین رہنما خالد شیخ، قلندر بخش، غلام علی بلاول، موہن لال، محبوب جاوید، وسیم شوکت شیخ اور دیگر نے کہا کہ رمضان میں بھی ہم صبح سویرے شہر کی صفائی کرتے ہیں، روزے کے باوجود شہر کا کوڑا کرکٹ صاف کرکے شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرکے اپنا فرض ایمانداری سے ادا کرتے ہیں۔ چیئرمین ڈاکٹر کاشف مصطفی میمن ہماری تنخواہوں سے ماہانہ 6 سے 15 ہزار غیر قانونی طور پر کاٹ کر ملازمین کا معاشی استحصال کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کئی وائٹ کالر ملازمین گھروں میں بیٹھ کر تنخواہیں وصول کر رہے ہیں، ان کے خلاف کارروائی کے بجائے ہم غریب ملازمین کی تنخواہوں میں غیر قانونی کٹوتی کر کے انہیں بھوک اور بدحالی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔ ملازمین نے سندھ حکومت سمیت اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ اگر 3 دن میں غیر قانونی طور پر کٹوتی کی گئی تنخواہیں واپس نہ کی گئی تو سخت احتجاج کریں گے۔