مزید خبریں

تنظیم اساتذہ کی بنیاد کا مقصد نظام تعلیم اسلام کے مطابق ڈھالناتھا، رئیس منصوری

 

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) تنظیم اساتذہ پاکستان سندھ کے صدر رئیس احمد منصوری نے کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے کہ آج ہم ایک مرتبہ پھر ماہ رمضان کی برکتوں کو سمیٹ رہے ہیں اور یہ وہ مبارک مہینہ ہے کہ جس میں معرکہ بدر اور فتح مکہ کا واقعہ رونما ہوا اور اللہ نے اپنے نیک بندوں کو فتح و نصرت و کامرانی سے ہمکنار کیا یہی وہ ماہ مبارک ہے کہ جس میں سندھ باب الاسلام کہلایا۔ وہ تنظیم اساتذہ ضلع میر پورخاص کے زیر اہتمام دی ویژن پبلک اسکول میں افطار ڈنر کے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر تنظیم اساتذہ ضلع میرپورخاص کے صدر عمر فاروق قریشی، ڈاکٹر مسعود عباس، شکیل احمد فہیم نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ تقویٰ کے حصول کے لیے ہم پر روزے فرض کیے گئے تاکہ ہمارے اندر اللہ کا خوف پیدا ہو، رمضان تو پورے سال کے لیے ہماری تربیت کا مہینہ ہے لیکن افسوس ہم 11 ماہ جھوٹ، دھوکا، فراڈ بدزبانی اور دوسری خرافات سے گریز نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ 7 مارچ 1969 کو 15 اساتذہ نے مل کر تنظیم اساتذہ پاکستان کی بنیاد رکھی جس کا مقصد نظام تعلیم کو اسلام کے مطابق ڈھالنا تھا کیونکہ جب سوشلزم وجود میں آیا تو انہوں نے نظام تعلیم کو نشانہ بنایا اور جھوٹے نظریات پیش کیے۔