مزید خبریں

بشام واقعہ پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی ناکام کوشش تھی‘ وزیراطلاعات

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بشام میں پیش آنے والا افسوسناک واقعہ پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے، وزیراعظم نے واقعہ کی مکمل تحقیقات کی ہدایت کر دی ہے، دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، اپنا اور اپنے دوستوں کا دفاع کرنا جانتے ہیں، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے وفاق کی تمام اکائیاں ایک پیج پر ہیں، کسی کو پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، پاک چین دوستی ان شاءاللہ قائم و دائم رہے گی۔بدھ کو یہاں پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ گزشتہ روز بشام میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، یہ واقعہ پاکستان اور چین کی دوستی کو نقصان پہنچانے کی کوشش تھی۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا آزمودہ دوست ہے، ہر مشکل وقت اور عالمی فورمز پر چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک ملک میں معاشی ترقی کا ضامن ہے، سی پیک کی بدولت ہماری جی ڈی پی میں خاصا اضافہ ہوا، اس سے ملک میں روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کل کے واقعہ کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے تمام تر مصروفیات ترک کر کے چینی سفارت خانہ کا دورہ کیا اور چینی سفیر سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا۔