مزید خبریں

کراچی میں پانی کی قلت ، واٹر ٹینکر مالکان نے ازخود نرخ بڑھادیے

کراچی (رپورٹ:منیر عقیل انصاری)کراچی میںپانی کی عدم فراہمی کے باعث واٹر ٹینکر مالکان نے ازخود نرخوں میںاضافہ کر دیا ہے ، رہائشی اور کمرشل صارفین سے واٹر ٹینکر مالکان اضافی قیمت وصول کر رہے ہیں۔ 1000گیلن پانی کا ٹینکر 4 سے 5 ہزار روپے،2000گیلن پانی کا ٹینکر ساڑھے 5 سے ساڑھے 6ہزار روپے، 3000 گیلن پانی کا ٹینکر 7 سے 8 ہزار روپے اسی طرح 5000 گیلن پانی کے ٹینکر کے 10 سے 14 ہزار روپے وصول کررہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ تین روز سے جاری کے الیکٹرک کی جانب سے 2023-24 کے لیے این ای کے فلٹر پلانٹ ٹو پر مینٹیننس سمیت الیکٹریکل اور نئے آلات نصب کیے جا نے کے باعث این ای کے فلٹر پلانٹ ٹو پر مکمل شٹ ڈاؤن کیا گیا تھا، مینٹیننس کے باعث کراچی کے بیشتر علاقوں میں پانی کی قلت کے باعث عوام کو شدید مسائل کا سامنا ہے۔ علاقہ مکینوں نے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے علاقے میں گزشتہ کئی روز سے پانی کی شدید قلت ہے جس کا فائدہ ٹینکر والے بھرپور طریقہ سے اٹھا رہے ہیں۔ اہل علاقہ نے کہا ہے کہ 1000گیلن پانی کا ایک ٹینکر 4000سے 5000تک فروخت کیا جا رہا ہے جبکہ ٹینکر ڈلوانے کے لیے کئی کئی گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا ہے۔مہنگائی کے اس دور میں کراچی کے شہریوں کو ٹینکر مالکان کے منہ مانگے قیمت پر بھی بروقت ٹینکر نہیں مل رہے ہیں۔علاقہ مکینوں نے مزید کہاکہ رمضان المبارک سے قبل پانی کی عدم فراہمی کی وجہ سے ٹینکر مالکان بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی مرضی کے ریٹ مقرر کیے ہوئے ہیں اور شکایت کرنے پر بدتمیزی کرنے لگتے ہیں۔ علاقہ مکینوں نے سندھ حکومت اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ فی ٹینکر کے جو ریٹ کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے مقرر کیا ہے اسی نرخ پر پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے،پانی کی قلت نے عوام کی زندگی مشکل بنا دی ہے۔واٹر ٹینکر مالکان کراچی کے رہائشی اور کمرشل صارفین کو ازخود اضافی نرخ میں پانی فروخت کررہے ہیں۔اس حوالے سے پانی فروخت کرنے والے واٹر ٹینکر کے مالک عبدالحمید بنگش نے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کے بعد کراچی میں واٹر ٹینکر نے اپنے نرخوں میں اضافہ کیا ہے۔ کمرشل اور رہائشی دونوں کے لیے واٹر ٹینکرز کے نرخ الگ الگ ہیں اور فاصلے کے حساب سے ٹرانسپورٹ چارجز علیحدہ وصول کئے جاتے ہیں۔ ادارہ فراہمی نکاسی آب (کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن) ذارئع کا کہنا ہے کہ شہر میں پانی کی قلت والے علاقوں میں واٹر بورڈ ٹینکروں کے ذریعے شہریوں کو پانی فراہم کرتا ہے۔واٹر کی فراہمی کے لئے مخصوس گنجائش والے ٹینکروں کے ذریعہ پانی کی نقل و حمل کے لیے فی کلو میٹر کے حساب رہائشی اور کمرشل صارفین سے نرخ وصول کیے جاتے ہیں۔ واٹر ٹینکر مالکان کے ازخود نرخوں میںاضافے کے حوالے سے ترجمان کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن سے موقف جاننے کے لیے متعدد بار رابط کرنے کی کوشش کی گئی تاہم انہوں نے فون کال اٹینڈ نہیں کی۔