مزید خبریں

اسپیکر، وزیر اعظم اور صدر کے الیکشن کا حصہ نہیں ہوں گے ، فضل الرحمن کا اپوزیشن میں بیٹھنے کا اعلان

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) جمعیت علمائے اسلام ( جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے اپوزیشن بینچوں پر بیٹھنے کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ اسپیکر، صدراور وزیراعظم کے لیے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیں گے۔پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ یہ اسمبلی تو نہیں کوئی اور چیز ہے، مجھے تو اسمبلی 5 سال پورے کرتی نظر نہیں آرہی۔صحافی کے اس سوال پر کہ کوئی آزادی مارچ کریں گے اور کیا پی ٹی آئی کے ساتھ مل کر احتجاج کریں گے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ دیکھیں اور انتظار کریں، آپ کے ساتھ مل کر احتجاج کریں گے۔جے یوآئی سربراہ نے کہا کہ آج نومنتخب قومی اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے دیگر اراکین کے ساتھ حلف اٹھایا لیکن ہم اپوزیشن بینچوں پر بیٹھیں گے، صدر، وزیراعظم اور اسپیکر سمیت کسی عہدے کے انتخاب کی ووٹنگ میں حصہ نہیں لیں گے۔ نواز شریف سے ملاقات سے متعلق سوال پر سربراہ جے یو آئی( ف) نے کہا کہ ابھی نواز شریف سے ملاقات نہیں ہوئی، رات کو وفد آیا تھا جس میں مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی اور آئی پی پی کے نمائندے شامل تھے، ان کے ساتھ اچھی گفتگو ہوئی،ان سے ہماری بے تکلفی تو ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ جے یو آئی اس پارلیمنٹ میں حصہ نہیں لے گی جس کا نتیجہ عوام کے ہاتھ میں نہ ہو، اس ایوان میں ہمیں کوئی حق نہیں کہ کسی کارروائی میں حصہ لیں، ہم اس ایوان کو عوام کانمائندہ کم سمجھتے ہیں۔