مزید خبریں

پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے تمام حلقے کھولنے کیلیے تیارہے، شعیب شاہین

راولپنڈی(نمائندہ جسارت) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شعیب شاہین نے اعلان کیا ہے کہ ہم خیبرپختونخوا کے تمام حلقے کھولنے کے لیے تیار ہیں۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات ہوئی، الیکشن کے بعد کی صورتحال پر گفتگو ہوئی، الیکشن کمیشن ن لیگ کے ساتھ مل کر دھاندلی کر رہا ہے، ہم عدالت عظمیٰمیں پٹیشن لے کر جائیں گے، ثبوت لے کر جائیں گے کہ کیسے آر اوز سے مل کر دھاندلی کی گئی۔شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ فافن نے مطالبہ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو استعفٰا دے دینا چاہیے، موڈیز نے بھی رپورٹ دی ہے کہ سیاسی استحکام نہیں ہوگا، آئی ایم ایف کے پروگرام کو مشروط طور پر سپورٹ کیا تھا، آئی ایم ایف معاہدے سے بجلی، گیس بلوں میں اضافہ ہوگا، بجلی کا یونٹ 70 روپے تک کا ہوگیا ہے، اگر یہ رفتار رہی تو گیس کا بل ایک لاکھ روپے پر چلا جائے گا۔انہوں نے یہ بھی کہاکہ ہم نے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے ساتھ آئی ایم ایف معاہدے کو مشروط کیا تھا، پی ڈی ایم کی صورت میں جو تباہی ہوچکی ہے اس سے زیادہ تباہی ہوگی، مریم نواز کو حکمرانی کا کوئی اختیار نہیں ہے۔