مزید خبریں

قلندرز کا جادو آج بھی نہ چل سکا، دفاعی چیمپئن کو مسلسل چھٹی شکست

لاہور (سید وزیر علی قادری ) پی سی بی میگا ایونٹ: قلندرز کا جادو آج بھی نہ چل سکا، دفاعی چیمپئن کو مسلسل چھٹی شکست، 14ویں میچ میں ملتان سلطانز نے دفاعی چیمپئن کو 60 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ایونٹ میں 5ویں کامیابی حاصل کرلی۔ ملتان سلطانز کے 215 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی ٹیم 17 اوور میں 154 رنز پرآؤٹ ہوگئی۔اسامہ میر نے 40 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ لاہور میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے قلندرز کے خلاف ٹاس جیتا او رپہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ملتان سلطانز نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں پر 214 رنز اسکور کیے، عثمان خان نے 55 گیندوں پر 96 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جبکہ افتخار احمد 18 گیندوں پر 40 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ اس کے علاوہ کپتان رضوان صفر پر آؤٹ ہوئے، ریزا ہینڈرکس نے بھی 40رنز بنائے، طیب طاہر نے 21 رنز اسکور کیے جبکہ خوشدل شاہ 3 ر نز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 2، کارلوس بریتھویٹ اور سکندر رضا نے ایک ،ایک وکٹ لی۔ ملتان سلطانز کے 215 رنز کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی ٹیم ایک مرتبہ پھر ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور 17 اوور میں 154 رنز پرآؤٹ ہوگئی۔ قلندرز کی جانب سے صاحبزادہ فرحان 31 اور وین ڈر ڈوسن 30 رنز بناکر نمایاں رہے، سکندر رضا 17 ، کامران غلام 12 اور شاہین شاہ آفریدی نے 9 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ سلمان فیاض 8 ، جارج لینڈا 5 اور جہانداد خان صفر پر آئوٹ ہوئے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے اسامہ میر نے 40 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ واضح رہے کہ لاہور قلندرز اب تک ایک بھی میچ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوئی، قلندرز نے 6 میچز کھیلے اور اسے6 میں ہی شکست ہوئی۔ دوسری جانب ملتان سلطانز 6 میچ کھیل کر 5 میں کامیابی کے بعد 10 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر موجود ہے۔