مزید خبریں

پی سی بی میگاایونٹ، کراچی کنگز اور اسلام آبادیونائیٹڈ کی ٹیمیں آج آمنے سامنے

کراچی (سید وزیر علی قادری) پاکستان کرکٹ بورڈ کا میگا ایونٹ ملتان اور لاہور کے بعد کراچی منتقل ہوگیا۔ اس سلسلے میں آج کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی۔میچ سے 3 گھنٹے قبل اسٹیڈیم کے دروازے کھولے جائیں گے جب کہ اسٹیڈیم آنے والوں کو داخلے کے لیے ٹکٹ اور اصل شناختی کارڈ دکھانا ضروری ہوگا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میچز کے لیے فول پروف سکیورٹی پلان تیار کرلیا گیا۔ کراچی میں میچز کا دور آج سے 18 مارچ تک جاری رہے گا جس میں ایس ایس یو کے ایک ہزار کمانڈوز سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ سکیورٹی حکام کے مطابق میچز کے دوران ٹریفک پولیس، ڈسٹرکٹ پولیس اور رینجرز بھی فرائض انجام دیں گے جب کہ کمانڈوز اسٹیڈیم، پریکٹس گراؤنڈ، ائیرپورٹ، روٹس اور دیگر مقامات پر تعینات ہوں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ شائقین کے لیے چائنا گراؤنڈ کی پارکنگ کے لیے مختص کیا گیا ہے ۔ گزشتہ روز کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے کے حوالے سے کافی پر جوش ہوں۔ شان مسعود کا کہنا تھا کہ کراچی کنگز کے تمام کھلاڑیوں نے کچھ نہ کچھ کارکردگی دکھائی ہے ، ذاتی کارکردگی سے مطمئن نہیں، اچھا موقع ملتے ہی ٹیم کی کارکردگی بھی اچھی ہو جائے گی۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے اوول گراؤنڈ پر کراچی کنگز کی پریکٹس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شان مسعود نے کہا کہ گزشتہ3 میچز میں کراچی کنگز کی جانب سے کوئی بڑی اور قابل ذکر کارکردگی سامنے نہیں آ سکی،کسی بھی ایک میچ میں ٹیم کی جانب سے ایک یا2 انفرادی اچھی کارکردگی سے اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کنگز کو کیرون پولارڈ جیسی بہترین انفرادی اننگز کی ضرورت ہے،کراچی میں ہونے والے میچز میں حریف ٹیموں کے خلاف میٹنگ میں لائحہ عمل تیار کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اوپنرز کے جلد آؤٹ ہونے سے ٹیم کی کارکردگی پر فرق پڑتا ہے، کراچی کی پچ کا کوئی اندازہ نہیں،اچھی ٹیم وہ ہوتی ہے جو اپنی غلطیوں سے سیکھتی ہے، ہماری ٹیم میں سب نے کچھ نہ کچھ پرفارم کیا ہے،مجھے اچھا آغاز نہیں مل رہا ہے،اسی وجہ سے بیٹنگ میں آگے نہیں بڑھ پارہا۔ شان مسعود نے کہا کہ میچز میں وکٹ پر سیٹ ہونے کے باوجود اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکا، میری کارکردگی میں جب بہتری آ ئے گی تو ٹیم کو مزید فائدہ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ محمد نواز کی صلاحیتوں کے مطابق کارکردگی نہیں رہی،ان سے بطور آل راؤنڈر اچھی توقعات ہیں،عرفات منہاس اچھا پلیئر ہے جہاں اس کی ضرورت ہوگی اس کو کھلائیں گے،میچز کے پاسز کے لیے اپنی فیملی کو بھی منع کردیا،ان کا کہنا تھا کہ سب کھلاڑی پاسز کی وجہ سے پریشان ہوتے ہیں۔ آج اسلام اباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ میں اچھی کارکردگی متوقع ہے۔ واضح رہے کہ کراچی کنگز نے اب تک 3 میچز کھیلے ہیں جن میں 2 جیتے اور ایک میں ناکامی ہوئی۔ دریں اثنا باقی میچز کیلئے نیوزی لینڈ کے وکٹ کیپر بلے باز ٹم ا سیفرٹ نے کراچی کنگز جوائن کرلی۔کیوی بلے باز ٹم اسیفرٹ گزشتہ روز پاکستان پہنچ گئے۔ وہ ٹورنامنٹ کے باقی میچز میں کراچی کنگز کے اسکواڈ میں شامل ہوں گے۔ٹم اسیفرٹ نے 197 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ہیں جس میں انہوں نے 129.29 کے اسٹرائک ریٹ سے 4,162 رنز بنائے ہیں۔رواں ٹورنامنٹ میں کراچی کنگز 3میچوں میں2 فتوحات کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن پر ہے۔کراچی کنگز اپنے آئندہ 3 میچز نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گی جس میں آج ا اسکا مقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ، اور کل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اتوار کو ملتان سلطانز سے سامنا ہوگا۔ دوسری طرف کراچی کنگز کے فاسٹ بولر حسن علی نے ذاتی مصروفیات کے باعث پریکٹس سیشن میں حصہ نہیں لیا۔ کنگز کے کھلاڑیوں نے اپنے آئندہ میچوں کی تیاری کے سلسلے میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے اوول گرائونڈ پر فاسٹ بولر حسن علی کی غیرموجودگی میں پریکٹس کی۔ واضح رہے کہ حسن علی بیٹی کی ولادت کی وجہ سے اپنی اہلیہ اور نوزائیدہ بیٹی کے ہمراہ لاہور میں ہیں جس کی باعث وہ پریکٹس سیشن میں شریک نہ ہوسکے تاہم وہ آج اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ کیلئے دستیاب ہوں گے۔