مزید خبریں

گھر مسمار کرنے اور معاوضہ نہ دیئے جانے کیخلاف احتجاج

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) ہوسڑی کی اکرم نہر کے قریب رہائش پذیر افراد نے انکروچمنٹ عملے کی جانب سے گھروں کو مسمار کیے جانے اور معاوضہ نہ دیے جانے کے خلاف خواتین اور بچوں نے پریس کلب پر احتجاج کیا اور انکروچمنٹ عملے کے خلاف نعرے بازی کی۔ اس موقع پر مسماۃ مہوش ،اللہ داد اور اللہ ڈینو سمیت دیگر نے بتایا کہ گزشتہ کئی سال سے اکرم نہر کے قریب کچی آبادی میں رہائش پذیر ہیں لیکن ہمیں محکمہ ایریگیشن سب ڈویژن ٹنڈو محمد خان کے افسران بے دخل کرنے کے لیے مختلف طریقوں سے تنگ کر رہے ہیں اور ہمارے گھروں کو تجاوزات ظاہر کر کے مسمار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ اس سے قبل بھی ہمارے گھروں کو مسمار کیا گیا تھا جس پر حکومت نے اکرم نہر کے قریب رہائش پذیر افراد کو متبادل رہائش دینے کے لیے کروڑوں روپے معاوضہ دیا تھا لیکن یہ معاوضہ غریبوں کو ملنے کے بجائے محکمہ ایری گیشن کے افسران نے خود ہڑپ لیا اور غریب متاثرین کو کچھ بھی نہیں دیا گیا جس پر ان افسران کے خلاف کیس بھی درج ہے اور اب ایک بار پھر ہمارے گھروں کو مسمار کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے ہم دربدر کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ محکمہ ایریگیشن کے افسران اور انکروچمنٹ عملے کے خلاف قانونی کارروائی کر کے ہمیں تحفظ اور انصاف فراہم کر کے بے گھر ہونے سے بچایا جائے۔