مزید خبریں

مولانا ظفر علی خان نے تحریک پاکستان میں تاریخی خدمات سرانجام دیں، گورنر پنجاب

وزیرآباد (اے پی پی) گورنر پنجاب انجینئر بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ بابائے صحافت مولانا ظفر علی خان ہماری تاریخ کی ان عظیم شخصیات میں سے ہیں جنہوں نے تحریک پاکستان میں تاریخی خدمات سرانجام دیں، ان کے نام اور کام کے بغیر ہماری تاریخ آزادی کا تذکرہ مکمل نہیں ہوسکتا، اس کے ساتھ وہ علم وادب شعر وشاعری، حکمت دانش ،تحریر و تقریر اور سیاست وصحافت کے میدانوں میں بھی بڑا نام ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ظفر علی فائونڈیشن کے ممبران بورڈ آف گورنرز سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ زندہ اقوام اپنے ہیروز کی حیات و خدمات کو مشعل راہ بناتی ہیں، ظفر علی فائونڈیشن اس حوالے سے قابل قدر کام کر رہا ہے۔ اس موقع پر خالد محمود، مجیب الرحمن شامی، حکیم راحت نسیم سوہدروی اور رضا ریاض نے بھی مولانا ظفر علی خان کو ان کی خدمات آزادی اور علم و ادب کو بھر پور خراج عقیدت پیش کیا، حکیم راحت نسیم سوہدروی نے اپنے والد کی ظفر علی خان پر تصنیف گورنر کو پیش کی ۔