مزید خبریں

صنعتی تعلقات کے اسلامی ماڈل کا نفاذ ضروری ہے، شفیع ملک

نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف لیبر ایڈمنسٹریشن ٹریننگ (NILAT) کراچی کے 61 ویں پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ کورس کے شرکاء نے سید ایوب علی ایڈمنسٹریٹیو افسر نیلاٹ کی قیادت میں پاکستان ورکرز ٹریننگ اینڈ ایجوکیشن ٹرسٹ (We Trust ) پاکستان کے دفتر کا مطالعاتی دورہ کیا۔ اس موقع پر سینئر مزدور رہنما اور وی ٹرسٹ کے بانی و چیئرمین پروفیسر محمد شفیع ملک نے شرکاء کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ وی ٹرسٹ اور نیلاٹ کا رشتہ بیحد پرانا ہے اور نیلاٹ کے پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ کورس کے شرکاء ماضی میں بھی وی ٹرسٹ کا مطالعاتی دورہ کرتے رہے ہیں۔ پروفیسر شفیع ملک نے کورس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں اکثر صنعتی اداروں میں آجر اور اجیر کے درمیان صنعتی تعلقات خرابی کی آخری حدوں کو چھو رہے ہیں۔ محنت کش طبقہ اور آجران کی باہمی کشمکش کے باعث نا صرف ملک کی صنعتی پیداوار اور معاشی ترقی بری طرح متاثر ہو رہی ہے بلکہ اس کے نتیجہ میں بڑے پیمانے پر محنت کشوں کا استحصال بھی کیا جارہا ہے۔ لہٰذا ملک کے بیشتر صنعتی، کاروباری اور تجارتی اداروں میں پائے جانے والے متنازعہ صنعتی تعلقات کی فوری طور پر اصلاح کے لیے صنعتی تعلقات کے اسلامی ماڈل کا نفاذ لازمی ہوگیا ہے۔ جس میں اسلامی تعلیمات کی روشنی میں محنت کشوں کو ان کے بنیادی حقوق کے ساتھ ساتھ فرائض کی ادائیگی پر بھی بھرپور زور دیا ہے۔ صنعتی اداروں میں خدمات انجام دینے والے لاکھوں محنت کشوں میں روزگار کے تحفظ ، باوقار روزگار ، آٹھ گھنٹے کے اوقات کار ، منصفانہ اجرتوں اور مزدور قوانین کے تحت سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث پائی جانے والی سخت بے چینی اور عدم اطمینان کے خاتمہ اور مکمل اصلاح احوال کے لیے ملک کی آجر برادری کو فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہل کرنا ہوگی۔ بعد ازاں پروفیسر محمد شفیع ملک نے ملک میں ٹریڈ یونین تحریک کے ارتقاء اور محنت کش طبقہ کی تعلیم و تربیت کے لیے وی ٹرسٹ کی 40 سالہ خدمات کے متعلق شرکاء کے سوالات کے جوابات دیے۔ شرکاء میں حسن اخلاص ضیاء الدین یونیورسٹی، مبشر مہر، سیف اللہ ، ذکاء الرحمن، محمد حسن، ایم کامران آرائیں ، عبدالرحمن صدیقی، حماد اللہ، سید طارق حسین ہوتی، ایم ناصر خان اور شکیل فاروقی شامل تھے۔ اس موقع پر نیلاٹ کے سابق ڈائریکٹر جنرل سید حاکم علی شاہ بخاری اور 2000 ء میں نیلاٹ کے 41 ویں پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ کورس کے گریجویٹ اور وی ٹرسٹ کے میڈیا کوآرڈینیٹر اسرار ایوبی بھی موجود تھے۔