مزید خبریں

ـ18 ویں سندھ گیمزتیسرے روز کک باکسنگ میں کراچی نے میدان مارلیا

کراچی (سید وزیر علی قادری) 18ویں سندھ گیمز 2024 کک باکسنگ کا ایونٹ سندھ اسپورٹس بورڈ ناظم آباد کراچی میں منعقد ہوا جس میں 4 طلائی تمغے لے کر 60 پوائنٹس کے ساتھ کراچی نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ 4 چاندی کے تمغے لے کر 40 پوائنٹس کے ساتھ سکھر نے دوسری پوزیشن اور حیدرآباد/شہید بینظیر آباد نے مشترکہ طور پر 3 ، 3 کانسی کے تمغے 15/15 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی ۔اس چیمپئن شپ میں سندھ کے تمام ڈویڑن نے حصہ لیا۔ سندھ گیمز ڈوج بال ایونٹ میں مینز اور ویمنز مقابلوں کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہو گئی۔کراچی،میر پور خاص،بے نظیر آباد اور حیدرآباد نے مینز جبکہ کراچی،بے نظیر آباد،میر پور خاص اور سکھرنے ویمنز کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی،الفا کالج پی ای سی ایچ ایس کے شاندار اسپورٹس ایرینا میں سندھ گیمز کا ڈوج بال ایونٹ منعقد کیا گیا۔18ویں سندھ مکس مارشل آرٹس گیمز کا انعقاد کے پی ٹی اسپورٹس سینٹر میں کیا گیا جس میں صوبہ سندھ کے 50 سے زائد کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ گیمز کا انعقاد پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن کی مکس مارشل آرٹس کمیٹی اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کے زیر انتظام کیا گیا تھا۔ چیرمین مکس مارشل آرٹس کمیٹی سید وسیم ہاشمی نے کے پی ٹی جنرل منیجر ایڈمن برگیڈئیر طارق بشیر اور کمانڈنٹ پورٹ سیکورٹی فورس کپتان علی کے ہمراہ مہمان خصوصی چیئرمین کے پی ٹی سید سیدین رضا زیدی کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے مہمان خصوصی کے پی ٹی چیئرمین سید سیدین رضا زیدی نے کھلاڑیوں کی ٹورنامنٹ میں کاوشوں کو سراہا اور ان کی تکنیک کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ کے پی ٹی نے ہمیشہ صحت افزا کھیلوں کے فروغ کو سراہا ہے اور اپنا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیماڑی میں یہ اکیڈمی بھی اسی ضمن کی ایک کڑی ہے جو کہ کمیونٹی میں کھیلوں کو فروغ دینے کے لئے شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے خاص طور پر کیماڑی کے جوانوں میں موجود کھیلوں کے حوالے سے موجود جسمانی قابلیت کو سراہا اور کہا کہ اسے درست سمت کی طرف گامزن کرنا بیحد ضروری ہے۔ بعد ازاں چیئرمین کے پی ٹی نے مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کے درمیان تمغے اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔