مزید خبریں

ماتلی: گلی محلوں سے کوڑا اُٹھانے کیلیے لوڈر رکشا اسکیم کا افتتاح

ماتلی (نمائندہ جسارت) چیئرمین حاجی رضوان احمد خان قائم خانی اور موجودہ بلدیاتی قیادت نے ماتلی کو صفائی کے حوالے سے نہ صرف ضلع بدین بلکہ سندھ کا مثالی شہر بنانے کے لیے خود کار مشین اور گلی محلوں سے کوڑا کرکٹ اُٹھانے کے لیے لوڈر رکشا اسکیم کا افتتاح کر دیا۔ بلدیاتی قیادت نے شہریوں اور صحافیوں کی موجودگی میں خود کار مشین چلا کر صفائی کے نئے دورے کا آغاز کیا۔ اس موقع پر چیئرمین حاجی رضوان قائم خانی اور وائس چیئرمین قاضی عبدالوہاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شہر کی بڑھتی ہوئی آبادی سے پیدا ہونے والے صفائی کے مسائل اور صفائی والے عملے کی قلت کے پیش نظر یہ اقدام اُٹھایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خود کار مشین سے شہر کی تمام بڑی اور مرکزی سڑکوں کو یومیہ بنیاد پر صاف کرایا جائے گا جبکہ شہر کی دیگر گلیوں محلوں کے راستوں کو سابقہ طریقہ سے صاف کرنے کا عمل جاری رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ 17 لاکھ روپے کی لاگت سے صفائی کرنے کی خود کار مشین اور کچرہ اُٹھانے والے لوڈر رکشا خریدے گئے ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ اپنے شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے اپنی منتخب بلدیاتی قیادت سے تعاون کریں۔